نئی دہلی 11 مئی (یو این آئی) لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے پیر کے روز کہا کہ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان صدیوں پرانے تہذیبی، ثقافتی اور روحانی تعلقات ہیں، جو آج بھی دونوں ملکوں کی دوستی کی مضبوط بنیاد بنے ہوئے ہیں۔
مسٹر برلا نے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں سری لنکا کے 'ویمن ایم پی کاکس' (خواتین اراکین پارلیمنٹ کے وفد) سے ملاقات کی۔ انہوں نے مشترکہ بدھ مت کے ورثے کو دونوں ممالک کے تعلقات کی اہم بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کے درمیان باقاعدہ بات چیت اور تبادلوں سے ہندوستان اور سری لنکا کے پارلیمانی تعلقات کو نئی مضبوطی ملی ہے۔ خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت پر زور دیتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ ہندوستان کا نقطہ نظر اب "خواتین کی ترقی" سے آگے بڑھ کر "خواتین کی قیادت میں ترقی" کی طرف منتقل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا ماننا ہے کہ جب خواتین ترقی کی قیادت کرتی ہیں تو معاشرہ زیادہ جامع، متوازن اور پائیدار بنتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نئی پارلیمنٹ کی عمارت میں منظور ہونے والا پہلا قانون 'ناری شکتی وندن ادھینیم' تھا، جس کے تحت لوک سبھا اور ریاستی قانون ساز اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے اسے ہندوستانی جمہوریت میں خواتین کی شرکت بڑھانے کی سمت میں ایک تاریخی قدم قرار دیا۔ دیہی سطح پر خواتین کو بااختیار بنانے کا ذکر کرتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ کئی ریاستوں میں مقامی اداروں میں خواتین کو 50 فیصد ریزرویشن دیا گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں ملک بھر میں 14 لاکھ سے زیادہ منتخب خواتین نمائندے پنچایتوں اور شہری اداروں میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے سیلف ہیلپ گروپس اور 'لکھ پتی دیدی' جیسی اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات نے دیہی خواتین کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔