Jadid Khabar

لینڈمافیاؤں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے:یوگی

Thumb

گورکھپور:3 مارچ (یو این آئی)یوگی آدتیہ ناتھ نے واضح ہدایت دی ہے کہ زمینوں پر قبضہ کرنے یا دھمکی اوردباؤ ڈالنے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔  

وزیر اعلیٰ پیرکی شام گورکھپور پہنچے جہاں وہ ہولی منانے آئے تھے۔ منگل کی صبح انہوں نے گورکھناتھ مندر میں منعقدہ جنتا درشن کے دوران تقریباً 150 افراد سے ملاقات کی۔ جنتا درشن کے موقع پر سنگین بیماریوں کے علاج کے لیے مالی مدد کے خواہش مند افراد کو یقین دہانی کراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بلا خوف اچھے اسپتالوں میں علاج کرائیں، حکومت انہیں مناسب مالی تعاون فراہم کرے گی۔  
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ جن افراد کو مالی امداد درکار ہے ان کے میڈیکل تخمینے جلد تیار کرکے حکومت کو بھیجے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہرضرورت مندکوعلاج کے لیے مالی مدد دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے مندر احاطے میں واقع مہنت دگ وجے ناتھ اسمرتی بھون کے سامنے کرسیوں پر بیٹھے لوگوں کے پاس جا کر ان کے مسائل ایک ایک کر کے سنا اور متعلقہ حکام کو درخواستیں سونپتے ہوئے یقین دلایا کہ کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، ہر مسئلے کا مؤثر حل نکالا جائے گا۔  
انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ عوامی شکایات کو سنجیدگی اورحساسیت کے ساتھ نمٹایا جائے اور فوری، معیاری اور اطمینان بخش حل یقینی بنایا جائے تاکہ کسی کو غیر ضروری پریشانی نہ ہو۔ تقریب کے دوران ایک شخص نے گردے کے مرض کے علاج میں مالی دشواری کا ذکر کیا۔ 
 وزیر اعلیٰ نے دریافت کیا کہ آیا اس کے پاس آیوشمان کارڈ ہے یا نہیں۔ نفی میں جواب ملنے پر انہوں نے تسلی دی کہ علاج کے لیے مناسب مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ دیگر کئی افراد نے بھی سنگین بیماریوں کے علاج کے لیے امداد کی درخواست کی، جس پر وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ فنڈز کی کمی سے کسی کا علاج نہیں رکے گا۔  
جنتا درشن میں کچھ بچے بھی اپنے اہل خانہ کے ساتھ آئے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے ان کے سر پر شفقت سے ہاتھ پھیرا،چاکلیٹس تقسیم کیں اور محنت سے تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دی۔