Jadid Khabar

وزیر اعلیٰ بجری کے معاملہ پر توجہ دیں: گہلوت

Thumb

جے پور، 8 جولائی (یو این آئی) راجستھان  کے سابق وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے ریاست میں حکومت پر بجری مافیا کے حاوی  ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بھجن لال شرما کو بجری کے  مسئلے پر خاص  توجہ دینی چاہیے۔
 مسٹر گہلوت نے منگل کو  پردیش کانگریس  دفتر میں سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر گرجا ویاس کی جینتی پر انہیں خراجِ عقیدت  پیش کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران ریاں بڑی میں بجری مافیا کی دہشت  کے سوال پر یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ  میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ بجری  کے معاملے میں حکومت پر مافیا حاوی ہو گئے ہیں ،بجری بہت مہنگی ہو گئی  ہے۔  میں تسلیم کرتا ہوں ہمارے دور حکومت میں بھی لوگوں کو پریشانی ہوتی  تھی  لیکن ہم نے اسے پوری طرح روکنے کی کوشش کی۔ پولیس انتظامیہ، ضلع  انتظامیہ کو پابند کیا۔
انہوں نے  کہا کہ  آج اتنا بڑا نیٹ ورک  بن گیا ہے کہ کئی لوگ کچل کر مار دیے جا رہے  ہیں، پولیس پر حملے ہو رہے ہیں  جو لوگ ان کی  گینگ میں شامل نہیں ہوتے      انہیں کچل دیا جاتا ہے۔ اتنی وارداتیں ہو رہی ہیں اور ان پر روک نہیں لگ  رہی  ہے یہ افسوس کی بات ہے۔ اسی لیے یہ سب بڑھتا جا رہا ہے  ان لوگوں نے  لوٹ مچا رکھی ہے۔ 
 انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ سے  کہنا چاہتے ہیں کہ آپ توجہ کیوں نہیں دے رہے؟ گھومنا اچھی بات ہے، جتنے  مرضی دورے کریں، لیکن دورے کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت بھی تو چلانی ہے۔انہوں  نے مزید کہا کہ  قانونی      نظم و نسق  کی بھی صورتحال ہوتی ہے، روزانہ عصمت دری، ڈکیتی اور چوری کی  وارداتیں ہو رہی ہیں  یہ  سب  ان کی ترجیح میں ہونا چاہیے۔ بجری خود ترجیح ہونی  چاہیے کیونکہ بجری اتنی مہنگی ہے کہ ایک متوسط طبقے کا شخص جو  مکان بناتا  ہے      اسے  اتنی مہنگی ملتی ہے کہ وہ بیچارہ مکان کیسے بنائے ؟  اس سے      تکلیف  متوسط طبقے کے لوگوں کو ہو رہی ہے        اس پر وزیراعلیٰ کو توجہ دینی  چاہیے۔ 
انہوں نے کہا کہ جس طرح  حکومت چلائی جا رہی ہے      اس سے نقصان انہی کو ہو رہا ہے۔