Jadid Khabar

راہل گاندھی نے شہید کسانوں کی فہرست پیش کردی

Thumb

نئی دہلی,04 دسمبر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے تقریباً 500 ایسے کسانوں کی فہرست میڈیا کے سامنے پیش کر دی جو کسان تحریک کے دوران شہید ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے مرکز کی مودی حکومت سے اپیل کی کہ اب وہ انھیں معاوضہ دیں۔ شہید کسانوں کی فہرست راہل گاندھی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ ”میرے پاس 403 کسانوں کی فہرست ہے جو کسان تحریک کے دوران شہید ہوئے۔ پنجاب حکومت نے انھیں 5 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا اور 152 لوگوں کو ملازمت بھی دی گئی۔ مودی حکومت یہ فہرست لے سکتی ہے اور اس میں موبائل نمبر بھی موجود ہے، وہ فون کر کے تصدیق کر سکتی ہے۔“راہل گاندھی نے پنجاب کے 403 شہید کسانوں کے علاوہ تقریباً 100 لوگوں کی مزید ایک فہرست میڈیا کے سامنے رکھی جو دیگر ریاستوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ اگر عمومی طور پر موجود معلومات کو جمع کیا جائے تو باقی شہید کسانوں کی بھی تفصیل مل جائے گی۔ لیکن جس طرح سے مودی حکومت منع کر رہی ہے کہ اسے شہید کسانوں کی جانکاری نہیں، وہ غلط ہے۔راہل گاندھی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں جب سوال کیا گیا کہ 700 کسان شہیدوں کے اہل خانہ کو معاوضہ دیا جائے، تو کہہ دیا گیا کہ اس کی تفصیل موجود نہیں۔ حالانکہ سچ تو یہ ہے کہ مودی حکومت کچھ امیر صنعت کاروں کے لیے تو کچھ بھی کرتی ہے، لیکن جب غریبوں اور مزدوروں کی بات آتی ہے تو پیچھے ہٹ جاتی ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ شہید کسانوں کے گھر والوں کو لاکھوں۔کروڑوں روپے دینے کی بات نہیں ہو رہی ہے، لیکن کم از کم معاوضہ تو انھیں دینا ہی چاہیے۔مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے راہل گاندھی نے یہ بھی کہا کہ ”پوائنٹ یہ ہے کہ کورونا میں کتنے لوگ مرے یہ ریکارڈ حکومت کے پاس نہیں ہے۔ کسانوں کی کتنی موت ہوئی، حکومت کے پاس یہ بھی ریکارڈ نہیں ہے۔ یہ غلط ہے۔ حکومت کے پاس ریکارڈ نہیں ہے تو وہ ہماری لسٹ لے لیں اور لوگوں کو معاوضہ دے دیں۔“

 

Ads