Jadid Khabar

وزیر اعظم بدعنوانی کے چمپین ہیں:راہل

Thumb

غازی آباد:17اپریل(یواین آئی) کانگریس کے سینئر لیڈر و سابق صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سیدھا حملہ کرتے ہوئے انہیں بدعنوانی کا چیمپین قرار دیا ہے۔
لوک سبھا الیکشن کے پہلے مرحلے کے انتخابی مہم کے آخری دن بدھ  کو یہاں سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو کے ساتھ جوائنٹ پریس کانفرنس میں گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ الکٹورل بانڈہ سیاست میں شفافیت کے لئے لایا گیا۔ اگر یہ سچ ہوتا تو سپریم کورٹ نے اس پر سوال کیوں کھڑے کئے۔ جن کمپنیوں نے بی جے پی کو چندہ دیا ان کا نام کیوں چھپایا گیا۔ ان کمپنیوں کو ہزاروں کروڑ روپئے کے کانٹریکٹ ملتے ہیں پھر وہ کمپنی بی جے پی کو چندہ دیتی ہے۔ اسے سیدھی زبان میں زبردستی وصولی کہا جاسکتا ہے۔ حقیقت میں الکٹورل بانڈ دنیا کا سب سے بڑا گھپلہ ہے اور وزیر اعظم بدعنوانی کے چمپین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ لوک سبھا الیکشن نظریات کی لڑائی ہے۔ آر ایس ایس اور بی جے پی جمہوریت اور آئین کو ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں وہیں انڈیا اتحاد کو ان کو بچانے کی کوشش کررہا ہے۔ ملک میں اس وقت مہنگائی اور بے روزگار خاص مسئلے  ہیں لیکن وزیر اعظم ان پر بات نہیں کرنا چاہتے ہیں۔
گاندھی نے دعوی کیا کہ پورے ملک میں انڈیا اتحاد کو بھرپور حمایت مل رہی ہے جسے دیکھ کر لگتا ہے کہ بی جے پی اس الیکشن میں 150سیٹوں  پر سمٹ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کھلے دماغ سے اپنی اتحادی پارٹیوں کے ساتھ سیٹ شیئر کی ہے۔ اس کا یہ مطلب نہیں نکالنا چاہئے کہ کانگریس کمزور ہوچکی ہے۔
ملک میں ایک جھٹکے میں غریبی مٹانے کے اپنے بیان پر صفائی دیتے ہوئے انہوں نے کہا'میرے کہنے کا غلط مطلب نکالا گیا۔ مجھے کہنا ہے کہ ابھی ملک میں جتنی رقم 22 سے 25 لوگوں کے پاس ہے اتنی رقم 70کروڑ عوام کے پاس ہے۔ حکومت صرف چند صنعت کاروں کا خیال رکھ رہی ہے جبکہ ہم حکومت میں آنے پر خواتین ، کسان اور نوجوانوں کا دھیان رکھیں گے۔ کسانوں کو ان کی فصل کا ایم ایس پی دیا جائے گا جبکہ کواتین کو ہر مہینے 8500 روپئے دیں گے۔ سبھی گریجویٹ اور ڈپلوما ہولڈر کو انمپرنٹس شپ کا حق ملے گا جس سے ملک کو تربیت یافتہ نوجوانوں  کی فوج ملے گی۔ اس کے علاوہ مرکزی حکومت جو 30 لاکھ سرکاری اسامیاں نہیں بھررہی ہے اسے بھرنے کی انتظام کیا جائے گا۔ ہم صنعت کاروں کے بجائے کسانوں کا قرض معاف کر انہیں راحت دیں گے۔
پریوار واد کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پریوار واد کی بات کرنے والے بی جے پی کے لیڈر اپنے رشتہ داروں کو ٹکٹ دے رہے ہیں ۔یوپی سمیت پوری ریاست میں ان کی وداعی یقینی ہے۔