Jadid Khabar

’دیوالی خوشیوں کی عید ہے‘، ملکارجن کھڑگے کے بیان پر بھڑک گئی بی جے پی، کہا: کانگریس سناتن مخالف

Thumb

دیوالی کے موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے ایک بیان نے سیاسی بحث چھیڑ دی ہے۔ ملک کے عوام کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے کھڑگے نے اس تہوار کو ’خوشیوں کی عید‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی کئی دنوں تک جاری رہنے والا خوشیوں کا تہوار ہے، جو لوگوں کو ایک ساتھ لاتا ہے اور اپنے عزیزوں سے ملاقات کا موقع فراہم کرتا ہے۔ کھڑگے نے اس موقع پر ملک میں امن برقرار رکھنے، باہمی غلط فہمیاں دور کرنے اور قومی اتحاد کے لیے مل کر کام کرنے کی اپیل بھی کی۔
حالانکہ، کھڑگے کے اس بیان پر بی جے پی نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ بی جے پی کے ترجمان پردیپ بھنڈاری نے کانگریس صدر کے بیان کو پولرائزیشن کی سیاست سے جوڑتے ہوئے کانگریس کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس دیوالی جیسے تہوار پر بھی ووٹ بینک کی سیاست کر رہی ہے۔