دیوالی پر بڑے پیمانے پر آتش بازی کے بعد دہلی میں دھوئیں اور دھند کی موٹی سطح دیکھنے کو مل رہی ہے۔ بڑے پیمانہ پر آتش بازی کی وجہ سے دہلی کے ساتھ ساتھ این سی آر کی ہوا بھی انتہائی زہریلی ہو گئی ہے۔ فضائی معیار کی پیشگی انتباہی نظام (ای ڈبلیو ایس) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق آج صبح دہلی کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 373 درج کیا گیا، جو ’انتہائی خراب‘ زمرے میں آتا ہے، جبکہ کئی علاقوں میں آلودگی ’سنگین‘ (400 سے زیادہ) سطح تک پہنچ گئی ہے۔
ای ڈبلیو ایس اور مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے تازہ ترین بلیٹن کے مطابق آج صبح وویک وہار میں اے کیو آئی 442 اور آئی ٹی او میں 407 درج کیا گیا۔ دونوں علاقے ’سنگین‘ زمرے میں برقرار ہیں۔ این ایس آئی ٹی دوارکا میں اے کیو آئی 404 (سنگین) اور وزیر پور میں 393 (انتہائی خراب) ریکارڈ کیا گیا۔ جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں اے کیو آئی 398، آر کے پورم میں 388، مندر مارگ میں 386 اور اوکھلا فیز-2 میں 364 درج کیا گیا۔ اس کے علاوہ اتوار کی دیر شب تک نوئیڈا میں اوسط اے کیو آئی 319، غازی آباد میں 360، فرید آباد میں 297 اور گروگرام میں 280 ریکارڈ کیا گیا۔
واضح رہے کہ دیوالی کی رات آتش بازی میں تیزی آنے کے ساتھ ہی سڑکوں پر لگی روشنیاں دھندلی پڑ گئیں اور کئی علاقوں میں دھواں پھیل گیا۔ شہر کے 20 نگرانی مراکز پر فضائی معیار ’سنگین‘ زمرے میں پہنچ گیا۔ رات 10 بجے دہلی کا مجموعی اے کیو آئی 371 درج کیا گیا۔ شام ڈھلنے کے ساتھ دھند مزید گہری ہوتی گئی۔ پٹاخوں سے نکلنے والا دھواں سڑکوں اور رہائشی علاقوں پر چھایا رہا۔ فضا میں جلے ہوئے پٹاخوں کی بو برقرار رہی۔ راجدھانی کے کئی علاقوں میں حد نگاہ کم ہو گئی اور لوگوں نے سانس لینے میں دشواری کی شکایت کی۔
تشویش ناک بات یہ ہے کہ پابندی کے باوجود اتوار کی شام دہلی کے کئی علاقوں میں پٹاخے جلائے گئے۔ پیتم پورہ، براری، میور وہار اور لٹینس دہلی کے کچھ حصوں سے آتش بازی کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ دیوالی سے قبل دہلی حکومت نے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ سبز پٹاخوں کی فروخت اور استعمال کے سلسلے میں سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کریں، لیکن ایسا دیکھنے کو نہیں ملا۔ مشرقی دہلی کے ضلع مجسٹریٹ نے ایک حکم جاری کر کے صرف 7 اور 8 نومبر کو صبح 6 سے 7 بجے اور رات 8 سے 10 بجے تک سبز پٹاخے جلانے کی اجازت دی تھی۔ حالانکہ مقامی لوگوں نے بتایا کہ بیرونی دہلی کے پیتم پورہ اور براری میں پٹاخے جلائے جا رہے تھے۔ براری میں ان کی آواز اور تعداد خاص طور پر زیادہ تھی۔
میور وہار سے بھی اسی طرح کی خبریں موصول ہوئیں۔ وہیں بشمبر داس مارگ اور لٹینس دہلی کے لوگوں نے بتایا کہ وہاں بھی آتش بازی جاری رہی، حالانکہ اس کی شدت کچھ کم ہوگئی تھی۔ رات 10 بجے تک فضائی معیار کی نگرانی کرنے والے 59 مراکز میں سے 20 پر اے کیو آئی ’سنگین‘ زمرے میں درج کیا گیا۔ 6 مراکز پر یہ ’خراب‘ اور باقی 33 مراکز پر ’انتہائی خراب‘ زمرے میں رہا۔