Jadid Khabar

سعودی عرب نے حج 2027 کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی: کرن رجیجو

Thumb

نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور و اقلیتی امور کرن رجیجو نے عازمین حج کی سہولت اور فلاح و بہبود کے لیے سعودی عرب کی جانب سے کیے جا رہے اقدامات کی ستائش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے حج کے انتظامات اور عازمین کی بہتر خدمات کے لیے ہندوستان کو مکمل تعاون فراہم کیا ہے۔ جددہ میں واقع ہندوستانی قونصل خانے نے پیر کو اس سلسلے میں اطلاع دی۔
رجیجو نے ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور حج 2027 کو کامیاب بنانے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے یہ بات سعودی عرب کے شہر جدہ میں منعقدہ چھٹے حج کانفرنس اور نمائش کے افتتاحی پروگرام کے موقع پر کہی۔
ہندوستانی قونصل خانے کے مطابق، مرکزی وزیر نے سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کی صدارت میں منعقدہ وزارتی کانفرنس میں شرکت کی۔ اس اجلاس میں مختلف ممالک کے وفود کے سربراہان بھی موجود تھے۔ ہندوستان کی جانب سے جدہ میں ہندوستان کے قونصل جنرل فہد سوری اور وزارت اقلیتی امور میں جوائنٹ سکریٹری (حج) محمد افضل بھی ان کے ساتھ شریک ہوئے۔
اس موقع پر کرن رجیجو نے دیگر وزرائے وفود کے ساتھ مکہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز آل سعود سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں حج عازمین کی سہولت، انتظامات اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا
اپنے دورے کے حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں رجیجو نے کہا کہ عازمین کی فلاح و بہبود اور حج 2027 کے کامیاب انعقاد کے مشترکہ عزم کے تحت ہندوستان اور سعودی عرب اپنی شراکت داری کو مضبوط کر رہے ہیں۔ انہوں نے حج کانفرنس اور نمائش کی افتتاحی تقریب کے علاوہ سعودی وزیر حج و عمرہ کی صدارت میں منعقدہ وفود کے سربراہان کے سرکاری اجلاس میں شرکت کا بھی ذکر کیا۔
مرکزی وزیر نے ہفتے کے روز سعودی وزیر حج و عمرہ کی جانب سے دیے گئے سرکاری عشائیے میں بھی شرکت کی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے سعودی عرب کی مہمان نوازی اور مختلف ممالک کے اہم نمائندوں سے ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر اظہار تشکر کیا۔