وسطی اسپین کے صوبہ ٹولیڈو میں 2 ہائی اسپیڈ ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم دیکھنے کو ملا ہے، جس کے بعد وہاں چیخ و پکار مچ گئی۔ اس حادثہ میں اب تک 50 سے زائد افراد کی ہلاکت اور 180 افراد کے زخمی ہونے کی خبر موصول ہو چکی ہے۔ ہلاکتوں کی یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے، کیونکہ زخمیوں کی کئی کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔
’دی گارجین‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں اسپین کے ریلوے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بدھ کی صبح 2 ٹرینوں کے پیچھے سے ٹکرانے کے بعد میڈرڈ اور جنوبی علاقے اندلس کے درمیان ریل سروس روک دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک افسر نے بتایا کہ حادثہ کس طرح پیش آیا، اس کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ یہ حادثہ آداموز ریل حادثہ سے بھی زیادہ بھیانک ہو سکتا ہے۔ اس حادثے میں 46 افراد کی موت ہوئی تھی۔
اسپین کے سرکاری نشریاتی ادارے ٹی وی ای نے بتایا ہے کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا، جب ایک تیز رفتار ٹرین دوسری ٹرین کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔ اس کے نتیجے میں کم از کم 2 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ ٹولیڈو شہر کے قریب واقع اُردا کے میئر مینوئل گالان نے بتایا کہ ایمرجنسی سروس نے ان سے زخمیوں کو ٹھہرانے کے لیے ایک اسپورٹس ہال تیار کرنے کو کہا ہے۔