Jadid Khabar

ناری شکتی کی شمولیت سے اتر پردیش ترقی کی نئی راہ پر گامزن : یوگی

Thumb

لکھنؤ، 19 اکتوبر (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ ماں سدھی داتری کے آشیرواد سے ریاست کی خواتین اپنی صلاحیتوں، عزم اور خود اعتمادی کے بل پر ریاست کی ترقی اور خوش حالی میں فیصلہ کن رول ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا احترام معاشرے میں خوشی، خوش حالی اور فلاح و بہبود کی بنیاد ہے اور بااختیار خواتین ہی خوش حال اتر پردیش کی بنیاد ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سال 2017 سے پہلے ریاست میں افراتفری اور عدم تحفظ کا ماحول تھا۔ ان کے مطابق، اس وقت غنڈے، مافیا اور شرپسند عناصر حکومت کے متوازی کام کر رہے تھے اور ریاست فسادات کے واقعات سے متاثر تھی۔
انہوں نے کہا کہ تہواروں سے پہلے بدامنی کی صورتِ حال پیدا ہونے کے باعث والدین اپنی بیٹیوں کے محفوظ مستقبل کے تعلق سے فکر مند رہتے تھے اور انہیں دوسری ریاستوں میں بھیجنے پر مجبور ہوتے تھے۔
مسٹر یوگی نے کہا کہ سال 2017 کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں ریاستی حکومت نے جرائم اور مجرموں کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی اپناتے ہوئے قانون کی حکمرانی قائم کرنے پر زور دیا۔ حکومت کی کوششوں سے اتر پردیش نے بدامنی کی شناخت سے نکل کر تہواروں کی ریاست کے طور پر اپنی پہچان بنائی ہے۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق، گزشتہ ساڑھے نو برسوں کے دوران خواتین کی سلامتی، عزت و وقار اور خود کفیلی کے لیے کیے گئے اقدامات نے ریاست کی سماجی اور اقتصادی ترقی کو رفتار دینے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس مدت میں ریاست کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ایس ڈی پی)، فی کس آمدنی، بجٹ اور خواتین کی افرادی قوت میں شرکت تین گنا ہو گئی ہے۔ ریاست مسلسل آمدنی کے فاضل ہونے کی صورتِ حال میں برقرار ہے اور اسے 50 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں بڑے کارخانوں کی تعداد تقریباً ڈھائی گنا بڑھ کر 14 ہزار سے 35 ہزار ہو گئی ہے۔ سرمایہ کاری کے ذریعے 65 لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو روزگار ملنے کا دعویٰ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتر پردیش دفاعی پیداوار کے شعبے میں بھی خود کفیل ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے میں اہم تعاون دے رہا ہے۔ اس سلسلے میں دفاعی صنعتی راہداری کا کردار اہم ہے۔
مسٹریوگی نے کہا کہ ملک کے مجموعی ایکسپریس وے نیٹ ورک کا تقریباً 60 فیصد حصہ اتر پردیش میں ہے۔ ریاست کی زرعی ترقی کی شرح 8 فیصد سے بڑھ کر 18 فیصد ہو گئی ہے۔ منصفانہ اور شفاف بھرتی کے عمل کے ذریعے نوجوانوں کو ساڑھے نو لاکھ سرکاری ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں، جبکہ اسٹارٹ اَپس کی تعداد 120 سے بڑھ کر 24 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خرد، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایم ایس ایم ای) کے شعبے کو دوبارہ فعال بنانے کی کوششوں سے تین کروڑ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعت، سرمایہ کاری، زراعت، روزگار اور کاروبار کے شعبوں میں ہونے والی تبدیلیاں ریاست کی معیشت کو مضبوط بنا رہی ہیں۔
یوگی نے کہا کہ ''بااختیار خواتین، خوش حال اتر پردیش'' کے عزم کے ساتھ حکومت ''وکست بھارت، وکست اتر پردیش'' کے ہدف کو حقیقت میں بدلنے کی سمت آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے خواتین کی شرکت کو ریاست کی ترقی اور خوش حالی کی ایک اہم بنیاد قرار دیا۔