نئی دہلی، 15 اکتوبر (یو این آئی) انکیتا بھنڈاری کو انصاف دلانے کے مطالبے کے حق میں انڈیا گیٹ پر ان کے والدین کے ساتھ دھرنے پر بیٹھے یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چب سمیت تنظیم کے کئی دیگر کارکنوں کو بھی پولیس نے جمعرات کی صبح حراست میں لے لیا اور بعد میں چھوڑ دیا۔
یوتھ کانگریس کے قومی چیئرمین (میڈیا شعبہ) ورون پانڈے نے جمعرات کو بتایا کہ مسٹر چب سمیت تنظیم کے کارکن بدھ کی رات سے ہی انکیتا بھنڈاری کے والدین کے ساتھ انڈیا گیٹ پر ستیاگرہ کر رہے تھے۔ پولیس نے صبح تقریباً چار بجے انکیتا کے والدین کو حراست میں لیا اور اس کے بعد یوتھ کانگریس کے رہنماؤں اور کارکنوں کو بھی زبردستی بسوں میں بٹھا کر حراست میں لے لیا۔
مسٹر چب نے کہا کہ انکیتا کے والدین گزشتہ چار سال سے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن انہیں ہی حراست میں لیا جا رہا ہے جبکہ دشینت گوتم کو گورنر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ بیٹیوں کو بی جے پی رہنماؤں سے بچانا ہے یا گورنر سے۔
انہوں نے کہا کہ یوتھ کانگریس انکیتا اور ان کے خاندان کو انصاف دلانے کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ دشینت گوتم کو گورنر کے عہدے سے برطرف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہیں ہوا تو انصاف کے لیئے ملک بھر میں تحریک چلائی جائے گی۔