سماجوادی پارٹی کے لیڈر اعظم خان کی مشکلات ایک بار پھر بڑھ گئی ہیں۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جوہر ٹرسٹ اور محمد علی جوہر یونیورسٹی سے وابستہ مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے معاملے میں اعظم خان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ یہ ایف آئی آر رامپور کے عظیم نگر تھانے میں درج ہوئی ہے۔ اس معاملے میں بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیوں کے الزام لگائے گئے ہیں۔ اطلاع کے مطابق ای ڈی کے لکھنؤ دفتر میں تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر پیوش ایس تھروٹ نے پولیس سے شکایت کی تھی۔ اسی کی بنیاد پر عظیم نگر تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ یہ کارروائی ’پریوینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ‘ کی دفعہ (2)66 کے تحت درج شکایت سے متعلق ہے۔
جوہر ٹرسٹ اور محمد علی جوہر یونیورسٹی میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں سے متعلق جانچ ایجنسی نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ حالانکہ ایف آئی آر درج ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ الزام ثابت ہو گئے ہیں۔ معاملے کی جانچ کے بعد ہی الزامات سے وابستہ حقائق کی تصدیق کی جا سکے گی۔ اس معاملے میں ’بھارتیہ نیائے سہنتا (بی این ایس) کی دفعہ 61، (5)316 اور (4)318 کے تحت ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ انسداد بدعنوانی قانون کی دفعات 7، (1)13 اور (2)13 بھی لگائی گئی ہیں۔ ان دفعات کے تحت درج مقدمے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور بدعنوانی سے متعلق الزامات کی تفتیش کی جا سکتی ہیں۔ فی الحال، دستیاب معلومات میں ایف آئی آر میں عائد الزامات کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
جوہر ٹرسٹ اور محمد علی جوہر یونیورسٹی سے وابستہ اس معاملے میں اب جانچ کے دروان اہم دستاویزات اور لین دین کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ای ڈی کی شکایت کی بنیاد پر ایف آئی آر درج ہونے کے بعد اس معاملے میں مزید کارروائی پولیس اور متعلقہ تحقیقاتی ایجنسیوں کی تفتیش پر منحصر ہوگی۔ اعظم خان کی جانب سے اس ایف آئی آر پر اب تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ جوہر ٹرسٹ اور محمد علی جوہر یونیورسٹی سے وابستہ معاملہ پیسوں کے لین دین میں مبینہ بے ضابطگیوں کا ہے۔ ای ڈی کو شک ہے کہ ٹرسٹ اور یونیورسٹی کو ملے پیسوں کے سورس اور ان کے استعمال میں گڑبڑی کی گئی ہے۔
جانچ ایجنسی یہ پتہ لگا رہی ہے کہ ٹرسٹ کو فنڈ کہا سے ملا اور اس اسے کن کاموں میں خرچ کیا گیا۔ اس معاملے میں سرکاری ٹھیکیداروں سے وابستہ پیسوں کے لین دین کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ ای ڈی اس سے قبل ٹرسٹ اور یونیورسٹی سے وابستہ لوگوں سے پوچھ تاچھ کر چکی ہے۔ 13 اکتوبر کو ای ڈی نے رامپور جیل میں اعظم خان سے بھی تقریباً 8 گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی تھی۔ اب ایجنسی کی شکایت پر رامپور کے عظیم نگر تھانے میں اعظم خان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ حالانکہ ابھی یہ الزام ہے اور جانچ کے بعد ہی پورے معاملے کی سچائی سامنے آئے گی۔