لکھنؤ، 14 اکتوبر (یواین آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے شاردیہ نوراتری کی چتورتھی پر ماں کوشمانڈا کے قدموں میں عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے ریاست کے عوام کو مبارکباد دی۔
انہوں نے ماں کوشمانڈا کو تخلیق، توانائی اور خوشحالی کی سناتن علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس معاشرے میں عورت کو طاقت اور موقع ملتا ہے، وہاں محرومی محنت میں، محنت خود انحصاری میں اور خود انحصاری خوشحالی میں بدل جاتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے بدھ کے روز 'ایکس' پر لکھا، "اتر پردیش کی خواتین اب صرف ترقیاتی اسکیموں کی مستفید نہیں، بلکہ دیہی معیشت کی معمار اور نئے ہندوستان کی مقدر ساز بن رہی ہیں۔"
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سال 2017 سے پہلے خواتین کے لیے مواقع اور وسائل کی کمی تھی اور حکومت کی سطح پر بھی ان کی بااختیاری کے لیے مطلوبہ پالیسی اور قوتِ ارادی کا فقدان تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں ریاست کی ڈبل انجن حکومت دیہی خواتین کو خود انحصاری کے نئے راستے سے جوڑ رہی ہے۔ بی سی سکھیاں گاوں میں بینکنگ خدمات کا اہم ذریعہ بن کر کام کر رہی ہیں، جب کہ لکھپتی دیدیاں معاشی خود کفالت کی نئی شناخت کے طور پر ابھر رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کھیتی میں جدید ٹکنالوجی کے استعمال میں ڈرون دیدیوں کے کردار کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ خود امدادی گروہوں اور کسان پروڈیوسر تنظیموں (ایف پی او) کے توسط سے دیہی خواتین کے لیے روزگار، کاروبار اور زراعت پر مبنی روزگار کے مواقع کا دائرہ بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کا کردار اب خاندان کی خوشحالی تک محدود نہیں ہے۔ وہ گاؤں کی معیشت کو آگے بڑھانے اور اتر پردیش کے نئے ترقیاتی سفر کی قیادت کرنے میں بھی حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین کی معاشی مضبوطی ریاست کی مجموعی ترقی سے جڑی ہے۔ گاؤں کی خواتین جب معاشی طور پر خود انحصار اور طاقتور ہوں گی، تبھی اتر پردیش کو حقیقی معنوں میں خوشحال اور طاقتور بنایا جا سکتا ہے۔