Jadid Khabar

کھرگے- راہل نے گاندھی اور شاستری کو یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کیا

Thumb

نئی دہلی، 2 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس کے صدر ملیکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے بابائے قوم مہاتما گاندھی اور سابق وزیرِ اعظم لال بہادر شاستری کے یومِ پیدائش کے موقع پر جمعہ کے روز انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مسٹر کھرگے اور مسٹر گاندھی نے باپو کے سمادھی استھل  راج گھاٹ اور مسٹر شاستری کے سمادھی استھل  وجے گھاٹ پہنچ کر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مسٹر کھرگے نے مہاتما گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ باپو کی پوری زندگی سچائی، عدم تشدد، رحم دلی اور خدمت روشنی کا ایسا مینار ہے جو ہر دور میں انسانیت کی رہنمائی کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی جی نے سچائی کو طاقت، عدم تشدد کو ہمت اور ستیہ گرہ کو ناانصافی کے خلاف سب سے موثر ہتھیار بنایا اور ہندستان کی جدوجہدِ آزادی کو سمت دینے کے ساتھ پوری دنیا کو انسانیت، رحم دلی اور امن کا راستہ دکھایا۔
انہوں نے سابق وزیرِ اعظم لال بہادر شاستری کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سادگی، سچائی اور قوم کی خدمت کی علامت مسٹر شاستری کی زندگی ہندستان کے لیے وقف کا ایک بے مثال نمونہ ہے۔ زرعی اصلاحات سے لے کر سبز اور سفید (دودھ) انقلاب کی بنیاد کو مضبوط کرنے، ریلوے میں تھرڈ کلاس کو ختم کرنے، بسوں میں خواتین کے لیے نشستیں مختص کرنے اور 1965 کی جنگ میں ملک کو مضبوط قیادت فراہم کرنے تک، قومی تعمیر میں ان کا تعاون ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی وادی قدروں اور اعلیٰ افکار سے لبریز مسٹرشاستری کی سادہ زندگی اہل وطن کو ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی۔
مسٹرراہل گاندھی نے مہاتما گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سچائی، عدم تشدد اور بے باکی ہی باپو کی سب سے بڑی میراث ہے۔ باپو نے سکھایا ہے کہ ناانصافی کے آگے کبھی جھکنا نہیں اور سچائی و عدم تشدد پر ڈٹے رہنا ہی حقیقی طاقت ہے۔
انہوں نے سابق وزیرِ اعظم لال بہادر شاستری کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 'جے جوان، جے کسان' کا نعرہ دے کر انہوں نے اہل وطن کے حقوق اور ان کے وقار کے تحفظ کا عزم کیا اور ملک کو ایک نئی راہ دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ شاستری جی کی سادگی اور ملک کے لیے ان کی لگن  ہمیشہ ہماری رہنمائی کرتی رہے گی۔