Jadid Khabar

'ووٹ چوری' آئین پر حملہ، گیانیش کمار کو فوری ہٹائے حکومت: کانگریس

Thumb

نئی دہلی، 23 ستمبر (یو این آئی) کانگریس نے ووٹرز فہرستوں کی خصوصی تفصیلی نظر ثانی  (ایس آئی آر) کے عمل کے تحت کروڑوں ووٹروں کے نام ہٹانے اور بڑی تعداد میں فرضی ووٹر شامل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اسے 'ووٹ چوری' اور ملک کے عوام اور آئین پر حملہ قرار دیا اور کہا کہ اس میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کا اہم کردار ہے، اس لیے انہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جانا چاہیے۔

کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بدھ کے روز سوشل میڈیا ایکس پر کہا کہ 'ووٹ چوری' ہندوستانی  عوام کے خلاف جرم اور آئین پر براہ راست حملہ ہے۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) اور الیکشن کمیشن کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ انصاف ضرور ہوگا۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ مسٹر کمار کو عہدے پر برقرار رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ ایک شخص اپنی مرضی سے ووٹر فہرست سے نام کیسے ہٹا سکتا ہے اور دیگر آئینی حکام کو کنارے کر کے ایسے اقدامات کیسے اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ ڈالنے کا حق ہر شہری کو آئین سے ملا ہے اور اسے چھینے جانے کی صورت میں پورے عمل کی ایمانداری سے پیروی ہونی چاہیے۔ انہوں نے الیکشن کمشنر کمار کو ملک گیر 'ووٹ چوری' مہم کا اہم معمار قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر ہٹانے اور سپریم کورٹ کی نگرانی میں معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

کانگریس شعبہ مواصلات کے سربراہ پون کھیڑا نے بھی مسٹر کمار پر الیکشن کمیشن کو اندر سے کمزور کرنے اور کروڑوں ہندوستانیوں  کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کمار کو قانون کا سامنا کرنا چاہیے۔