پٹنہ، 16 ستمبر (یواین آئی) زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے بدھ کے روز کہا کہ بحران کی اس گھڑی میں مودی حکومت بہار کے ہر کسان اور سیلاب متاثرین کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور سیلاب متاثرین کو راحت پہنچانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔
زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نیز مرکز اور ریاستی حکومت کے حکام کے ساتھ حاجی پور، ویشالی، منگیر اور بھاگلپور کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے موٹر بوٹ، کشتی اور ٹریکٹر کے ذریعے پانی میں ڈوبے ہوئے دیہاتوں اور کھیتوں کا جائزہ لیا اور راحت کیمپوں میں رہ رہے لوگوں سے بات چیت کر کے ان کے مسائل کی معلومات حاصل کیں۔ مسٹر چوہان نے کہا کہ اس بار کئی مقامات پر سیلاب کا پانی 2016 کے ہولناک سیلاب سے تقریباً ایک فٹ زیادہ پہنچ گیا ہے۔ دس دنوں سے زائد عرصے تک پانی میں ڈوبے رہنے کی وجہ سے کیلے اور مکئی کی فصلیں برباد ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے تقریباً 50 لاکھ لوگوں کے متاثر ہونے، مکانات اور مویشیوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ملی ہے اور ایسی صورتحال میں کسانوں کی محنت کی فصل کو پانی میں ڈوبتے دیکھنا انتہائی تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں ان داتا (کسانوں) کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ حکومت ان کی روزی روٹی کی حفاظت کے لیے ہر ممکن مدد کرے گی۔
مرکزی وزیر نے آج حاجی پور کے تیرسیا اور سرائے پور دیہاتوں میں زیرِ آب علاقوں کا موٹر بوٹ اور کشتی سے معائنہ کیا۔ راگھو پور سکس لین پل سے بھی سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ منگیر میں نواگڑھی راحت کیمپ اور کوجی کریا ڈیم کا معائنہ کر کے راحت، سکیورٹی اور پانی کی نکاسی کے انتظامات کی معلومات حاصل کیں۔ اس کے بعد انہوں نے بھاگلپور میں راحت کیمپوں کا جائزہ لیا اور وہاں مقیم سیلاب متاثرین سے بات چیت کی۔