نئی دہلی، 15 ستمبر (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے بہار میں تباہ کن سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
مسٹر گاندھی نے منگل کو سوشل میڈیا 'ایکس' پر لکھا کہ اس آفت میں اپنے عزیزوں کو کھونے والے خاندانوں کے ساتھ ان کی گہری تعزیت ہے اور المیے سے متاثرہ تمام لوگوں کے ساتھ ان کی ہمدردی ہے۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں سے متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے حکومت اور انتظامیہ سے امدادی اور بچاؤ کارروائیاں مکمل تندہی سے چلا کر متاثرین کو ضروری امداد جلد فراہم کرنے کی توقع ظاہر کی ہے۔