جے پور، 14 ستمبر (یو این آئی) راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس رہنما اشوک گہلوت نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر بلدیاتی اداروں میں میئر بنانے کے لیے پولیس کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا ہے۔
مسٹر گہلوت نے پیر کے روز سوشل میڈیا کے ذریعے یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ من مانے طریقے سے کی گئی حد بندی، تمام سرکاری مشینری کا استعمال، وزیر اعلیٰ کے روڈ شو وغیرہ کے باوجود بلدیاتی انتخابات میں شکست سے بوکھلائی بی جے پی اب میئر بنانے کے لیے پولیس کا غلط استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 10 میونسپل کارپوریشنوں میں سے پالِی، بیکانیر، اجمیر اور بھرت پور میونسپل کارپوریشنوں میں ہارنے کے بعد بی جے پی اب جودھپور اور الور میں پولیس کے ذریعے آزاد اور کانگریس کے کونسلروں کو ڈرا دھمکا کر اپنے حق میں کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اور ضلع انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایسا طرفدارانہ کام نہ ہو۔ کانگریس اس عمل کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ ایسے نامناسب کاموں میں ملوث افسران کی جوابدہی طے کی جائے گی۔