واشنگٹن، 03 ستمبر (یواین آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر مزید فوجی حملوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن جب چاہے ایران کو نشانہ بنا سکتا ہے، جبکہ ایران نے تازہ امریکی حملوں میں 18 افراد کی ہلاکت اور 108 سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ نے گزشتہ شب ایران پر انتہائی سخت حملہ کیا اور آبنائے ہرمز کے اطراف ایران کی نئی فوجی تنصیبات اور سازوسامان کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ مزید کارروائی کے لیے بھی تیار ہے اور ضرورت پڑنے پر کسی بھی وقت حملہ کیا جا سکتا ہے۔
تازہ کشیدگی کے دوران امریکی فوج نے آبنائے ہرمز کے قریب ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں میں متعدد مقامات کو نشانہ بنایا، جس کے جواب میں ایران نے مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی اڈوں پر حملوں کا دعویٰ کیا، جن میں بحرین، عراق اور اردن کے مقامات شامل ہیں۔
ایرانی وزیر صحت محمد رضا ظفرقندی کے مطابق امریکی حملوں میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہوئے، جن میں دو بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 108 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کوہستک پر حملے کو ''جنگی جرم'' قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو نشانہ نہ بنانے کے امریکی دعوے زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔