وزیر اعظم نریندر مودی اور بیلجیم کے وزیر اعظم بارٹ ڈی ویور کی موجودگی میں جمعرات (3 ستمبر) کو نئی دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں ہندوستان اور بیلجیم کے درمیان کئی اہم معاہدوں (ایم او یو) کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران وزیر اعظم مودی نے ہندوستان-بیلجیم کے تاریخی تعلقات، دفاع اور صاف توانائی کے شعبہ میں بڑھتے ہوئے تعاون کے ساتھ ساتھ موجودہ عالمی صورتحال پر بھی بات کی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بیلجیم کے وزیر اعظم بارڈ ڈی ویور کا ہندوستان میں گرمجوشی سے استقبال کیا۔ اس موقع پر بارڈ ڈی ویور نے کہا کہ یہ ان کا ہندوستان کا پہلا دورہ ہے، لیکن ہندوستان کے ساتھ ان کا تعلق کافی پرانا ہے۔ واضح رہے کہ بیلجیم کے وزیر اعظم بارڈ ڈی ویور طویل عرصے تک اینٹورپ کے میئر رہے ہیں اور انہوں نے وہاں مقیم بڑی ہندوستانی برادری کے ساتھ ساتھ ہندوستان اور بیلجیم کے درمیان ہیرے کے کاروبار کی مسلسل حمایت کی ہے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان اور بیلجیم کے تعلقات کی جڑیں تاریخ میں کافی گہری ہیں۔ پہلی عالمی جنگ کے دوران بیلجیم میں ہزاروں ہندوستانی فوجیوں کی بہادری اور قربانی کو دونوں ممالک کی مشترکہ تاریخی یاد کا اہم حصہ قرار دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آج جمہوری اقدار، بازار پر مبنی معیشت اور مضبوط عوامی تعلقات ہندوستان اور بیلجیم کو فطری شراکت دار بناتے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے یہ بھی بتایا کہ تقریباً 10 سال قبل انہیں بیلجیم کا دورہ کرنے کا موقع ملا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی میں دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری نے اہم پیش رفت کی ہے۔
ہندوستان اور بیلجیم کے درمیان دفاعی تعاون بھی بات چیت کا اہم موضوع رہا۔ وزیر اعظم مودی نے خاص طور پر ’زورآور ٹینک‘ منصوبہ کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اس منصوبہ پر مل کر کام کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی دفاعی شعبہ میں تعاون کا دائرہ وسیع کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ واضح رہے کہ ہندوستان اپنے دفاعی پروڈکشن کو مضبوط کرنے کے لیے غیرملکی ٹیکنالوجی اور اور ملکی صلاحیتوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پر زور دے رہا ہے۔ ایسے میں بیلجیم کے ساتھ دفاعی ٹیکنالوجی اور صنعتی تعاون آنے والے وقت میں دونوں ممالک کے لیے کافی اہم ہو سکتا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے موجودہ عالمی صورتحال کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت بڑے بحران سے گزر رہی ہے۔ کئی حصوں میں تصادم کی صورتحال بنی ہوئی ہے، خوراک، ایندھن اور سپلائی چین سمیت کئی شعبوں میں غیر یقینی صورتحال کا اثر دکھائی دے رہا ہے۔ وزیر اعظم مودی کے مطابق اس چیلنجنگ ماحول کے باوجود ہندوستان کی معیشت نے اپنی رفتار برقرار رکھی ہے۔ گزشتہ سہ ماہی میں ہندوستان نے 7.8 فیصد کی اقتصادی شرح نمو درج کی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان کی گروتھ اسٹوری دنیا کے لیے اعتماد اور نے مواقع کا ذریعہ بن رہی ہے۔