Jadid Khabar

دیوریا سے گورکھپور تک ترقی اور بہتر حکمرانی کے سفر کو نئی رفتار ملے گی: یوگی

Thumb

لکھنؤ، 29 اگست (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ  دیوریا سے گورکھپور تک بہتر حکمرانی، ترقی اور عوامی بہبود کے سفر کو نئی رفتار ملے گی۔ ڈبل انجن حکومت کا عزم ہر شخص کی فلاح و بہبود اور ریاست کے ہر علاقے کی ہمہ جہت ترقی کرنا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیوریا کے سلیم پور اور بھاٹپار رانی اسمبلی حلقوں میں 305 کروڑ روپے کی لاگت والی 80 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی گورکھپور میں 130 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت والی 170 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ راپتی نگر واقع بشارت پور میں 'کلیان منڈپم' بھی عوامی خدمت کے لیے وقف کیا جائے گا۔ ان منصوبوں سے دونوں اضلاع میں بنیادی سہولیات کی توسیع کے ساتھ ترقی کو رفتار ملے گی اور عام لوگوں کو مختلف سہولیات کا فائدہ حاصل ہوگا۔

یوگی نے کہا کہ ریاستی حکومت ترقی کے ساتھ ساتھ عوامی بہبود کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ گاؤں، غریب، کسان، خواتین، نوجوانوں اور محروم طبقات تک اسکیموں کا فائدہ پہنچانے کے لیے مسلسل کام کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہر شخص کی فلاح و بہبود اور ہر علاقے کی ترقی ہی ڈبل انجن حکومت کا عزم ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے مشرقی اتر پردیش میں بھی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور لوگوں کی زندگی بہتر بنانے کا کام مسلسل جاری ہے۔