Jadid Khabar

راجستھان کے کئی اضلاع میں خشک سالی جیسے حالات کے پیش نظر ٹھوس اقدامات کی ضرورت: گہلوت

Thumb

جے پور، 29 اگست (یو این آئی) راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ ریاست میں بارش کی کمی کے سبب کئی اضلاع میں خشک سالی جیسے حالات کے پیش نظر ریاستی حکومت کو ابھی سے چوکس ہو کر غذائی اجناس کا ذخیرہ بڑھانے، پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے اور روزگار کے لیے دیہی و شہری روزگار ضمانت اسکیم کو مضبوط کرنے کی سمت میں ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں اور مویشیوں کے چارے کی دستیابی پر بھی ابھی سے توجہ دینا ضروری ہے۔

مسٹر گہلوت نے ہفتہ کو اپنے بیان میں یہ مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ساون گزرنے کے ساتھ ہی راجستھان میں مانسون کمزور پڑ گیا ہے اور بھادوں میں بھی بارش کی امید کم نظر آ رہی ہے۔ دارالحکومت جے پور سمیت ریاست کے 17 اضلاع میں خشک سالی جیسے حالات پیدا ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پالی، جالور، بانسواڑہ، جیسلمیر اور ادے پور جیسے اضلاع میں معمول سے 40 سے 55 فیصد تک کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جو انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کانگریس حکومت کے دور میں اندرا رسوئی اور منریگا جیسی اسکیمیں بحران کے وقت غریبوں، کسانوں اور مزدور طبقے کا سب سے بڑا سہارا بنی تھیں۔ خشک سالی جیسی صورت حال میں سب سے زیادہ نقصان کسانوں اور مزدوروں کو اٹھانا پڑتا ہے۔

مسٹر گہلوت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو متعلقہ محکموں کا جائزہ لے کر بروقت تیاری کرنی چاہیے، تاکہ آنے والے دنوں میں عام لوگوں کو بحران کا سامنا نہ کرنا پڑے۔