Jadid Khabar

ہماری لڑائی بی جے پی-آر ایس ایس کے اس نظریے کے خلاف ہے، جو امتیاز اور عدم مساوات کو فروغ دیتا ہے: راہل گاندھی

Thumb

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے ملک میں دلتوں پر بڑھتے مظالم اور توہین آمیز سلوک پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’’ملک میں 2 نظریات کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ ایک آئین کا نظریہ اور دوسرا بی جے پی-آر ایس ایس کا نظریہ۔ اس ملک میں ہزاروں سال سے دلتوں پر ظلم ہو رہا ہے۔ آج آئین نافذ ہونے کے بعد بھی ان کے ساتھ تشدد کیا جا رہا ہے جو غیر قانونی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’ملک کے کئی اسکولوں میں دلت بچوں سے بیت الخلاء صاف کرایا جاتا ہے اور ان سے جھاڑو لگوائی جاتی ہے۔ دلتوں کو کنوؤں سے پانی نہیں لینے دیا جاتا، اتنا ہی نہیں چائے کی دکان پر بھی دلتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جاتا ہے اور بارات میں گھوڑے پر سوار ہونے کے معاملے پر انہیں مارا پیٹا اور دھمکایا جاتا ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’’ایک دلت شخص جتنا کامیاب ہوتا ہے اس پر اتنی ہی طاقت کے ساتھ حملہ ہوتا ہے۔ یہ روزانہ کروڑوں لوگوں کے ساتھ ہوتا ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے چند واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے راجستھان کانگریس کے سی ایل پی ٹیکارام جولی مندر جاتے ہیں، بی جے پی کے لیڈر شدھی کرن کرتے ہیں۔ کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے ہلدوانی کے رام لیلا میدان میں جلسۂ عام سے خطاب کرنے جاتے ہیں وہاں شدھی کرن ہوتا ہے۔ بہار کے سابق وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی مندر جاتے ہیں تو وہاں بھی شدھی کرن ہوتا ہے۔‘‘ ان کے مطابق یہ بی جے پی-آر ایس ایس کے لوگ کرتے ہیں اور ہندوستان کے آئین کے مطابق یہ جرم ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران راہل گاندھی نے یہ بھی کہا کہ ’’8 اگست کو کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے کی ہلدوانی میں ریلی ہوتی ہے اور 10 اگست کو بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ ان کی تقریر کے اسٹیج کا شدھی کرن کرتے ہیں۔ اس واقعہ کے بارے میں 13 اگست کو کانگریس صدر پارلیمنٹ میں بتاتے ہیں کہ شدھی کرن کا یہ واقعہ جرم ہے۔ یہ میری اور ملک کے ہر دلت کی توہین ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’اتراکھنڈ بی جے پی کے صدر کھل کر کہتے ہیں کہ شدھی کرن کیا گیا ہے اور اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔‘‘

راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ ’’ شدھی کرن ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت جرم ہے، لیکن 20 دن گزر چکے ہیں اور اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ اتراکھنڈ میں جن لوگوں نے شدھی کرن کیا ہے، ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہو۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’نریندر مودی کہتے ہیں کہ وہ ہر ذات کے ہیں لیکن اتراکھنڈ میں بی جے پی کے سربراہ کہہ رہے ہیں کہ شدھی کرن کرنا درست تھا۔ ہم چاہتے ہیں کہ وزیر اعظم مودی حکم دیں کہ شدھی کرن کرنے والے لوگوں کے خلا