Jadid Khabar

ہماچل پردیش کے اسکولوں میں داخلہ فارم سے ہٹایا جائے گا ذات کا کالم، وزیر اعلی سکھو نے دی ہدایت

Thumb

ہماچل پردیش میں اسکولوں کے داخلہ فارم پر اب ذات کا کالم نہیں ہوگا۔ وزیر اعلی سکھوندر سنگھ سکھو نے محکمۂ تعلیم کو یہ ہدایت جاری کی ہے کہ سبھی اسکولوں کے داخلہ فارم سے ذات کا کالم ہٹا دیا جائے۔ انھوں نے محکمۂ تعلیم کے افسران کو اگلے تعلیمی سیشن یعنی 28-2027 کے سیشن سے اس آرڈر کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔ دراصل وزیر اعلی سکھوندر سنگھ سکھو ہماچل پردیش شیڈول کاسٹ ویلفیئر بورڈ کی میٹنگ میں موجود تھے۔ اس میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلی سکھو نے معاشرے سے ذات پات کی تفریق ختم کرنے، بھائی چارے، مساوات کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔

وزیراعلیٰ نے سرکاری اسکولوں سے ذات پات کی بنیاد پر امتیاز ختم کرنے کے لیے اسکولوں کے داخلہ فارم سے ذات کا کالم ہٹانے کی ہدایات بھی دیں۔ حالانکہ شیڈول کاسٹ (ایس سی) سے تعلق رکھنے والے طلباء کو حکومت کی فلاحی اسکیموں کا فائدہ حاصل کرنے کے لیے ذات سے متعلق معلومات دینی ہوں گی۔ وزیراعلیٰ سکھو کی ہدایت کے حوالے سے ہماچل پردیش کے محکمۂ تعلیم کے سکریٹری راکیش کنور نے کہا کہ اسے نافذ کرنے کے لیے محکمہ جلد ہی پالیسی بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی یقینی بنایا جائے گا کہ حکومت کی فلاحی اسکیموں کے فوائد سے کوئی بھی اہل بچہ محروم نہ رہ جائے۔
وزیر اعلی سکھوندر سنگھ سکھو نے شیڈول کاسٹ کے فلاح و بہبود کے لیے شروع کیے گئے منصوبے گنوائے اور کہا کہ اعلی تعلیم کے لیے ہونہار طلباء کو 20 لاکھ روپے تک کا قرض محض ایک فیصد شرح سود پر دیا جا رہا ہے۔ راجیو گاندھی اسٹارٹ اپ اسکیم کے تحت بھی 100 کلو واٹ سے 2 میگا واٹ کی سولر پراجیکٹس لگانے کے لیے سبسڈی دی جا رہی ہے۔