Jadid Khabar

کانپور میں تربیتی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ اور شریک پائلٹ کی موت، گنگا بیراج کے قریب پیش آیا حادثہ

Thumb

اتر پردیش کے کانپور میں ایک تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ اس حادثہ میں پائلٹ اور شریک پائلٹ کی موت ہو گئی ہے۔ موصولہ خبر کے مطابق گنگا بیراج کے قریب نتھا پوروا گاؤں میں یہ حادثہ پیش آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ٹوئن انجن ٹریننگ ایئرکرافٹ حادثے کا شکار ہونے کے بعد ایک کھیت میں گرا۔ اس واقعہ کی وجہ سے علاقے میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔

حادثے کے بعد موقع پر مقامی باشندے جمع ہو گئے اور فوری طور پر اس کی خبر انتظامیہ کو دی گئی۔ اطلاع کے مطابق پائلٹ سچن بھاٹیا گجرات کے رہنے والے ہیں، جب کہ شریک پائلٹ ابھیشیک کا تعلق کرناٹک سے ہے۔ حادثہ تقریباً 11.50 بجے پیش آیا۔ حادثے کے بعد پولیس اور راحت رسانی ٹیم فوراً موقع پر پہنچ گئی اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ ایئر کرافٹ کے حادثہ کا شکار ہونے کی وجوہات کا فی الحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔ یہ تصویر بھی صاف نہیں ہے کہ طیارہ میں پائلٹ اور شریک پائلٹ کے علاوہ بھی کوئی سوار تھا یا نہیں۔ پولیس اور متعلقہ افسران جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں اور تفتیش جاری ہے۔کانپور کے پولیس کمشنر رگھوبیر لال نے بتایا کہ گوال ٹولی علاقے کے نتھا پوروا گاؤں کے باہری حصے میں ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہوا ہے۔ اس طیارہ نے گرگ ایوی ایشن ٹریننگ سینٹر سے تقریباً 11.30 بجے پرواز بھرا تھا۔ طیارہ 4 سیٹوں والا اور 2 انجن والا ’ ٹیکنم ایئر کرافٹ‘ تھا، جو تقریباً 11.50 بجے حادثہ کا شکار ہوا۔ اس میں ٹرینر (انسٹرکٹر) سچن بھاٹیا اور ٹرینی ابھیشیک پجاری کی موت ہوئی ہے۔ پولیس نے جائے وقوع کو گھیر کر کارروائی شروع کر دی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حادثے کی اطلاع ’ڈی جی سی اے‘ کو دی گئی ہے۔ طیارے کی تکنیکی جانچ اور دیگر تفصیلی جانچ ڈی جی سی اے کی ٹیم ہی کرے گی۔