Jadid Khabar

راجیو گاندھی کے یوم پیدائش پر ’ویر بھومی‘ پہنچے سونیا گاندھی، کھڑگے، راہل اور پرینکا، پیش کیا خراج عقیدت

Thumb

20 اگست کو ہندوستان کے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کا یوم پیدائش منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر آج ملک بھر میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ کانگریس کے کئی سینئر لیڈران راجیو گاندھی کی سمادھی ’ویر بھومی‘ پہنچے، جہاں خراج عقیدت کی تقریب منعقد کی گئی۔ سونیا گاندھی، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے سمیت کئی لیڈران نے گلپوشی کر سابق وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کیا۔

قابل ذکر ہے کہ راجیو گاندھی ملک کے سب سے کم عمر وزیر اعظم رہے ہیں۔ 20 اگست کو ان کے یوم پیدائش کے دن ’سدبھاؤنا دیوس‘ منایا جاتا ہے۔ یہ دن امن، قومی یکجہتی، باہمی بھائی چارہ اور سماجی ہم آہنگی کی اقدار کو فروغ دینے کے مقصد سے منایا جاتا ہے۔ کانگریس نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں راجیو گاندھی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’’جدید ہندوستان کی تعمیر میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘‘
’سدبھاؤنا دیوس‘ راجیو گاندھی کے ایک جدید، ترقی پسند اور متحد ہندوستان کے خواب کو یاد کرنے کا موقع ہے۔ دراصل ان کی سیاسی زندگی میں نوجوانوں کی شرکت، تکنیکی ترقی، قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی جیسے مسائل کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ اس دن کا بنیادی مقصد معاشرے میں امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینا اور لوگوں کو باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر اتحاد کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے ترغیب دینا ہے۔ راجیو گاندھی کا ماننا تھا کہ ہندوستان کا تنوع اس کی طاقت ہے اور ملک کی ترقی کے لیے مختلف برادریوں کے درمیان باہمی اعتماد اور بھائی چارہ ضروری ہے۔ ’سدبھاؤنا دیوس‘ نوجوانوں کو بھی ایک جدید اور جامع ہندوستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ قومی یکجہتی، سیکولرزم، امن اور سماجی ہم آہنگی اس کے اہم پیغامات میں شامل ہیں۔
راجیو گاندھی نے 1984 میں 40 سال کی عمر میں ہندوستان کے چھٹے وزیر اعظم کے طور پر عہدہ سنبھالا تھا۔ ان کے دور حکومت کو ملک میں تکنیکی تبدیلی اور جدید کاری کو فروغ دینے، نوجوانوں کو زیادہ مواقع فراہم کرنے اور ہندوستان کے بین الاقوامی تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔