Jadid Khabar

شاہ کے کہنے پر ہوئی ستییندر کی گرفتاری : کجریوال

Thumb

نئی دہلی، 19 اگست (یو این آئی) عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیرِ اعلیٰ اروند کیجریوال نے سابق وزیر ستییندر جین کی گرفتاری پر مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ پرسنگین  الزامات عائد کیے ہیں۔

مسٹر کیجریوال نے بدھ کے روز ایکس پر دعویٰ کیا کہ صبح تک اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کی جانب سے ستییندر جین کو گرفتار کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں تھا، لیکن دوپہر میں مسٹر شاہ کی طرف سے مبینہ طور پر براہِ راست فون آنے کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک اے سی بی افسر نے بتایا کہ "صبح تک ستییندر جین کو گرفتار کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں تھا۔ پھر دوپہر میں مسٹر شاہ کا براہِ راست فون آیا اور کہا گیا - 'انہیں گرفتار کرو۔' اس کے بعد ہی گرفتاری کی گئی۔" انہوں نے الزام لگایا کہ تحقیقاتی ایجنسی پر دباؤ ڈال کر جین کی گرفتاری کرائی گئی۔ انہوں نے مسٹر شاہ سے مبینہ دباؤ کے تعلق سے  وضاحت کا مطالبہ بھی کیا۔

انہوں نے کہا، "گرفتاری تب کی جاتی ہے جب پولیس کو اس شخص سے پوچھ گچھ اور تفتیش کرنی ہو۔ ستییندر جین کی پولیس نے کسٹڈی ہی نہیں لی۔ اس کا مطلب ستییندر سے کوئی پوچھ گچھ نہیں کرنی۔ صرف امت شاہ کے دباؤ کی وجہ سے انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔"

قابلِ ذکر ہے کہ ستییندر جین کو دہلی جل بورڈ کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ منصوبوں کے ٹینڈر کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں سے جڑے معاملے میں پانچ دیگر افراد کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے۔