Jadid Khabar

کانوں اور معدنیات ترمیمی بل راجیہ سبھا میں صوتی ووٹ سے منظور

Thumb

نئی دہلی، 13 اگست (یواین آئی) راجیہ سبھا نے جمعرات کو کانوں اور معدنیات (ترقی اور ضابطہ کاری) ترمیمی بل 2026 کو اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان صوتی ووٹ سے منظور کر لیا۔ لوک سبھا پہلے ہی اس بل کو منظور کر چکی ہے، جس کے باعث اسے پارلیمنٹ کی منظوری حاصل ہو گئی ہے۔

ایوان نے بل کو سلیکٹ کمیٹی کے حوالے کرنے سے متعلق ڈی ایم کے کے تروچی شیوا کی تجویز اور بعض دیگر ارکان کی جانب سے بل کی دفعات میں ترمیم کی تجاویز کو بھی صوتی ووٹ سے مسترد کر دیا۔ کانگریس کے ارکان بل پر بحث کے دوران رام مندر میں چڑھاوے کی چوری کے معاملے کو لے کر نعرے بازی کرتے رہے۔
کانوں کے وزیر جی کشن ریڈی کی جانب سے بل پر مختصر بحث کا جواب دیے جانے کے بعد ایوان نے بل کو صوتی ووٹ سے منظور کر لیا۔
اس سے قبل چیئرمین نے ضروری قانونی دستاویزات ایوان کی میز پر رکھے جانے کے بعد ارکان کو بتایا کہ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے اجلاس کا آج آخری دن ہونے کے پیش نظر صبح کے وقفہ صفر اور وقفہ سوالات کی کارروائی کے بجائے کانوں اور معدنیات کے بل کو منظور کرانے کی تجویز کا نوٹس دیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ایوان کی رائے معلوم کرنے کے بعد مسٹر ریڈی سے بل پیش کرنے کو کہا۔ کانگریس اور اپوزیشن کے دیگر ارکان نے اس کی مخالفت کی، تاہم چیئرمین نے بل پر بحث شروع کرا دی۔
مسٹر ریڈی نے بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس بل کے ذریعے مرکزی حکومت ریاستوں کے اختیارات میں کوئی مداخلت نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں روزگار اور ترقی کے لیے معدنیات انتہائی اہم ہیں اور بل کی دفعات سے ریاستوں کو کوئی نقصان نہیں ہوگا بلکہ ان کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کو قومی مفاد میں معدنیات کے ضابطہ کاری کا اختیار حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بل کا مقصد پورے ملک میں ٹیکس اور فیس کی رقم میں موجود عدم مساوات کو ختم کرکے یکسانیت لانا ہے۔