Jadid Khabar

اتفاق رائے سے 2023 میں منظور شدہ خواتین ریزرویشن قانون نافذ کرے حکومت: راہل

Thumb

نئی دہلی، 08 اگست (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے پارلیمنای  امور کے وزیر کیرن ریجیجو کے بیان پرجوابی حملہ  کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین  ریزرویشن بل 2023 میں ہی متفقہ طور پر پاس ہو چکا ہے اور کانگریس نے اس کی مکمل حمایت کی تھی۔
 
مسٹر گاندھی نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا 'ایکس' پر لکھا، "ریجیجو جی، پارلیمانی  امور کے وزیر ہونے کے ناطے آپ سے بہتر یہ کون جانتا ہوگا - خواتین  ریزرویشن بل 2023 میں ہی متفقہ طور پر پاس ہو چکا ہے، کانگریس کی مکمل حمایت کے ساتھ۔"
 
انہوں نے سوال کیا کہ تین سال بعد بھی وہ نافذ کیوں نہیں ہوا اور اب حکومت اس قانون کو حد بندی (ڈی لیمیٹیشن) سے بلاوجہ کیوں جوڑنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا "آپ 2023 کا یہ قانون نافذ کیجیے۔ بغیر کسی شرط کے۔"
 
اس سے پہلے مسٹر ریجیجو نے لکھا تھا کہ کانگریس کی جانب سے یہ مثبت پیغام ہے۔ مسٹر گاندھی کے خواتین کے تعلق سے  موقف میں تبدیلی دکھائی دے رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ کانگریس خواتین  ریزرویشن بل کی بغیر کسی شرط کے حمایت کرے گی۔