راہل کا حملہ، آٹھ اگست کو پریاگ راج میں 'چھاتروں کی گونج' کا اعلان
نئی دہلی، 03 اگست (یو این آئی) لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے روزگار، پیپر لیک اور طالب علموں سے جڑے مسائل پر آٹھ اگست کو اتر پردیش کے شہر پریاگ راج میں 'چھاتروں کی گونج' پروگرام کا اعلان کیا ہے۔
مسٹر گاندھی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا "جاب نہیں ملے گا، تو سنگھاسن ہلے گا۔" انہوں نے کہا کہ پریاگ راج وہ شہر ہے جہاں لاکھوں نوجوان برسوں سے مسابقتی امتحانات کی تیاری کر رہے ہیں، لیکن انہیں بار بار بھرتیاں تاخیر کا شکار ہونے اور پیپر لیک جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پیپر لیک نے نوجوانوں کا حال چھین لیا، جبکہ التوا میں پڑی بھرتیوں نے ان کا مستقبل معلق کر دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حال ہی میں دہلی میں اپنے حقوق کا مطالبہ کر رہے طالب علموں پر لاٹھی چارج اور پیلٹ گن کا استعمال کیا گیا۔ کانگریس رہنما نے کہا کہ ان کی پارٹی طالب علموں کی آواز مسلسل اٹھاتی رہے گی اور انہیں انصاف دلانے کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے حکومت سے جوابدہی طے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب بہانوں کا وقت ختم ہو چکا ہے۔
انہوں نے طالب علموں اور نوجوانوں سے پریاگ راج میں ہونے والے 'چھاتروں کی گونج' پروگرام میں شامل ہونے کی اپیل کی۔