Jadid Khabar

پیپر لیک پر حکومت کا قدم نا کافی اور گمراہ کن، جواب دہی طے کریں مودی: کھرگے-راہل

Thumb

نئی دہلی، 23 جولائی (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے پیپر لیک معاملے پر فاسٹ ٹریک عدالتوں کے قیام کے وزیراعظم نریندر مودی کے اعلان کو نا کافی اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے اعلانات کرنے کے بجائے پیپر لیک معاملات پر جواب دہی طے کی جانی چاہئے۔

مسٹر کھرگے اور مسٹر گاندھی نے جمعرات کو کہا کہ طلباء کے مطالبات واضح ہیں کہ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو برطرف کر کے طلباء سے معافی مانگی جائے اور احتجاج کرنے والے طلباء پر فورسز کا استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ پارٹی کا الزام ہے کہ حکومت نے پیپر لیک کو تسلیم کرنے کے بجائے اسے چھپانے اور معاملے کی منصفانہ تحقیقات کو یقینی بنانے میں اپنی ناکامی دکھائی ہے۔ کانگریس لیڈروں نے کہا کہ وزارت تعلیم نے پہلے پارلیمانی کمیٹی کے سامنے دعویٰ کیا تھا کہ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) میں کوئی پیپر لیک نہیں ہوا۔ ان کا الزام ہے کہ حکومت نے سچائی قبول کرنے کے بجائے پارلیمنٹ اور ملک کے لوگوں کو گمراہ کیا اور اب جواب دہی سے بچنے کے لئے نئے اعلانات کر رہی ہے۔

اس دوران کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے کہا کہ حکومت صرف اعلانات کر رہی ہے، جبکہ طلباء کو انصاف اور مجرموں کے خلاف ٹھوس کارروائی چاہئے۔ پارٹی کے شعبہ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے کہا کہ وزیراعظم کا اعلان بہت کم اور بہت دیر سے آیا اور یہ بھی گمراہ کن ہے۔ ان کا الزام تھا کہ حکومت نے پیپر لیک معاملات کی تحقیقات میں شفافیت نہیں برتی اور طلباء کے حقیقی خدشات کو نظر انداز کیا۔