ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان اقتصادی و تجارتی معاہدے کا نفاذ ایک اہم سنگِ میل: وزیر اعظم مودی
نئی دہلی، 15 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان جامع اقتصادی اور تجارتی معاہدے (سی ای ٹی اے) اور سماجی تحفظ کے معاہدے کے نفاذ کو ایک اہم لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
پی ایم مودی نے بدھ کے روز وزیر تجارت اور صنعت پیوش گوئل کی سوشل میڈیا پر اس معاہدے کے آج سے نافذ ہونے سے متعلق پوسٹ پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کا نفاذ ہندوستان-برطانیہ شراکت داری کے لیے ایک اہم لمحہ ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ "یہ ہندوستان-یونائیٹڈ کنگڈم شراکت داری کے لیے ایک اہم لمحہ ہے۔ جامع اقتصادی اور تجارتی معاہدے اور سماجی تحفظ کے معاہدے کے نفاذ کے ساتھ ہی ہمارے اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہونے جارہے ہیں۔ یہ دونوں تاریخی معاہدے ہماری مشترکہ امنگوں کو دونوں ممالک کے عوام کے لیے ٹھوس مواقع میں تبدیل کرتے ہیں۔"
انہوں نے کہا کہ سی ای ٹی اے ہمارے کسانوں، کاروباریوں اور ایم ایس ایم ای کے لیے نئی رفتار لے کر آئے گا۔ کئی ابھرتے ہوئے شعبوں کو برطانیہ کی مارکیٹ تک بہتر رسائی حاصل ہوگی۔ یہ ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ خدمات اور اختراع کے شعبوں میں تعاون کو بھی مزید مستحکم کرے گا، ساتھ ہی ہنر مند ہندوستانی صلاحیتوں کی نقل و حرکت کو بھی فروغ دے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سماجی تحفظ کا معاہدہ برطانیہ میں عارضی طور پر کام کرنے والے ہندوستان پیشہ ور افراد کو انمول تعاون فراہم کرے گا اور ہندوستانی اداروں کی مسابقت کو مزید مضبوط کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ "یہ کامیابی ہماری دونوں جمہوریتوں کے درمیان بھرپور اعتماد اور تجارت، ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور اختراع پر مبنی مستقبل کی شراکت داری کی تعمیر کے تئیں ہمارے مشترکہ عزم کی علامت ہے۔ ہندوستان اور یونائیٹڈ کنگڈم مشترکہ خوشحالی کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔" دونوں ممالک نے گزشتہ سال یہ تاریخی معاہدہ کیا تھا۔