Jadid Khabar

وادیٔ کشمیر میں علی الصبح زلزلہ نے لوگوں کو نیند سے کیا بیدار، ریکٹر اسکیل پر شدت 3.6 درج

Thumb

 
جموں و کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں پیر کی علی الصبح زلزلہ کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے، لیکن اس نے کئی لوگوں کو نیند سے بیدار کر دیا۔ نیشنل سینٹر فار سسمولوجی (این سی ایس) کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.6 درج کی گئی ہے۔ یہ زلزلہ رات تقریباً 2 بجے آیا اور اس کا مرکز زمین کی سطح سے 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
بارہمولہ کے علاوہ وادیٔ کشمیر کے کئی دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اچانک آنے والے جھٹکوں سے لوگوں میں کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس پھیل گیا۔ احتیاطاً کئی لوگ اپنے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ تاہم، کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
نیشنل سینٹر فار سسمولوجی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر زلزلے کی جانکاری دی۔ رواں سال فروری میں بھی بارہمولہ ضلع میں 4.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ اس وقت پٹن علاقہ زلزلے کا مرکز تھا اور وادی کے کئی حصوں میں جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ دراصل کشمیر زلزلوں کے اعتبار سے انتہائی حساس علاقہ سمجھا جاتا ہے۔ یہ خطہ ہائی سسمک زون میں واقع ہے، جہاں ٹیکٹونک پلیٹوں کی مسلسل سرگرمیوں کے باعث وقتاً فوقتاً زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے رہتے ہیں۔
اس سے قبل 9 جولائی کی صبح مہاراشٹر کے مراٹھواڑہ خطے میں بھی زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ ناندیڑ، ہنگولی اور پربھنی اضلاع میں زلزلہ سے لوگوں میں دہشت پھیل گئی تھی۔ ان جھٹکوں کی شدت ہلکی تھی، لیکن لوگ خوف و ہراس کے باعث اپنے گھروں سے باہر نکل آئے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 27 جون کو افغانستان کے ہندوکش خطہ میں 6.2 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ اس کا مرکز شمال مشرقی افغانستان میں کالافگان سے تقریباً 81 کلومیٹر دور، 36.442 درجے شمالی عرض البلد اور 70.672 درجے مشرقی طول البلد پر، زمین کی سطح سے 215 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ زلزلے کا مرکز زمین کی سطح سے بہت زیادہ گہرائی میں ہونے کی وجہ سے اس کے جھٹکے پاکستان، ہندوستان کے شمالی حصوں، چین، تاجکستان، ازبکستان، کرغزستان اور ترکمانستان سمیت کئی ممالک میں محسوس کیے گئے تھے۔