بدری ناتھ نذرانہ چوری معاملے میں کارروائی، ایس آئی ٹی نے کمیٹی چیئرمین کے پرسنل سکریٹری کو حراست میں لیا
ایودھیا کے رام مندر کے ساتھ ساتھ اتراکھنڈ کے بدری ناتھ میں بھی نذرانہ چوری کا معاملہ سرخیوں میں ہے۔ اس معاملے کی تفتیش بھی ایس آئی ٹی کر رہی ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایس آئی ٹی نے بدری ناتھ میں نذرانہ چوری کی جانچ تیز کر دی ہے۔ یہ جانچ اب بدری ناتھ مندر کمیٹی کے چیئرمین تک پہنچتی نظر آ رہی ہے۔ ایس آئی ٹی نے مندر کمیٹی کے چیئرمین سے وابستہ ایک ملزم پرمود نوٹیال کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔ پرمود کو اتراکھنڈ کی راجدھانی دہرادون سے حراست میں لیا گیا ہے۔ پرمود مندر کمیٹی کے چیئرمین کا پرسنل سکریٹری بتایا جا رہا ہے۔
دہرادون سے گرفتار کیے گئے پرمود کو لے کر ایس آئی ٹی کی ٹیم بدری ناتھ پہنچ چکی ہے۔ اطلاع کے مطابق پرمود نوٹیال کو اتوار کی شام تقریباً 8 بجے دہرادون سے حراست میں لیا گیا۔ پرمود نوٹیال کے پاس بدری ناتھ دھام میں عطیات و نذرانے کی ذمہ داری تھی۔ بدری ناتھ دھام میں عطیات میں بے ضابطگیوں کا معاملہ 2 جولائی کو سامنے آیا تھا۔ اس کے بعد وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے ایس آئی ٹی جانچ کا حکم دیا تھا۔ پرمود نوٹیال پر ہوئی کارروائی کے بعد بدری ناتھ دھام کی مندر کمیٹی سے وابستہ عہدیداران اور ملازمین پر گرفتاریوں کی تلوار لٹکنے لگی ہے۔
ذرائع کے مطابق جلد ہی کچھ اور عہدیداروں اور ملازمین کو حراست میں لیا جا سکتا ہے۔ ایس آئی ٹی نے حال ہی میں مندر کمیٹی سے نذرانہ کی رقم کی گنتی سے وابستہ ملازمین کا 3 سال کا ریکارڈ طلب کیا تھا۔ مندر کمیٹی نے کچھ دستاویز ایس آئی ٹی کو دستیاب بھی کرائے تھے۔ ایس آئی ٹی مندر کمیٹی کی آمدنی اور اخراجات سے متعلق دستاویزات کی بھی چھان بین کر رہی ہے۔ مندر کے افسر یدھویر پشپوان نے پرسنل اسسٹنٹ پرمود نوٹیال کے خلاف غبن کی شکایت درج کرائی تھی۔