Jadid Khabar

اتر پردیش میں امن و امان اور ترقی کا نیا ماحول بنا ہے: یوگی

Thumb

کشی نگر، 11 جولائی (یواین آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کو دعویٰ کیا کہ سماجوادی پارٹی (سپا) حکومت کے وقت ریاست میں ترقی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا جبکہ موجودہ حکومت کے دورِ اقتدار میں ریاست میں امن و امان اور ترقی کا نیا ماحول بنا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کشی نگر کے رام کولا اور ہاٹا اسمبلی حلقوں میں 525 کروڑ روپے کی لاگت والے 464 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھتے ہوئے اپوزیشن، بالخصوص سماجوادی پارٹی (ایس پی) پر شدید حملہ کیا۔ ٹیکواٹار میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پہلی حکومتوں کے پاس نہ تو پالیسی تھی اور نہ ہی نیت۔ ان کی سوچ ہی ترقی مخالف تھی، ایسے میں ریاست کی ترقی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے اتر پردیش میں تہواروں کے دوران دنگے اور کرفیو عام بات تھی، لیکن آج ریاست امن، سلامتی اور ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ مندروں پر قبضہ کرنے والے لوگ ایودھیا، کاشی اور متھرا کے بارے میں کیسے سوچ سکتے ہیں۔ دھرم اور عقیدے پر آج نصیحتیں کرنے والوں کو پہلے اپنا چہرہ دیکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت ایسا تھا جب انسیفلائٹس کی وجہ سے معصوم بچوں کی جانیں جاتی تھیں اور مسہر برادری کے لوگوں کی بھوک سے موت کی خبریں آتی تھیں۔ آج ریاست میں صورتحال بدل چکی ہے۔ اب لوگوں کو رہائش، بجلی، گیس کنکشن، علاج، روزگار اور ترقی کی سہولیات مل رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کشی نگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پروازوں کی خدمات کے سلسلے میں کہا کہ مغربی ایشیا میں پیدا ہونے والے بحران اور نئے طیاروں کی دستیابی متاثر ہونے کی وجہ سے یہاں سے باقاعدہ پروازیں شروع نہیں ہو سکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جلد ہی کشی نگر سے فضائی خدمات شروع ہوں گی اور یہ ہوائی اڈہ گیا  اور جیور سے بھی جڑ جائے گا۔
نارائنی ندی کے اس پار واقع دیارا علاقے کے دیہاتوں کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے اس علاقے کو نظر انداز کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نارائنی ندی پر تقریباً 800 کروڑ روپے کی لاگت سے پل کی تعمیر کے لیے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) تیار کی جا رہی ہے۔ پل بننے کے بعد دیارا علاقے کے گاؤں ترقی کے دھارے سے جڑ جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت کی سوچ معاشرے کے آخری شخص تک ترقی کی روشنی پہنچانے کی ہے اور اسی مقصد کے ساتھ پوری ایمانداری سے کام کیا جا رہا ہے۔