Jadid Khabar

بارش کی کمی سے متاثرہ اضلاع کے لیےخصوصی کارروائی کا منصوبہ بنایا جانا چاہیے : گہلوت

Thumb

جے پور، 11 جولائی (یو این آئی) راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر اشوک گہلوت نے ریاست میں کمزور مانسون اور بارش کی کمی کی وجہ سے خریف کی بوائی میں 30 فیصد تک کی بھاری گراوٹ آنے کو بے حد تشویشناک بتاتے ہوئے ریاستی حکومت سے اپیل کی ہے کہ بحران کی اس گھڑی میں متاثرہ اضلاع کے لیے خصوصی کارروائی کا منصوبہ بنایا جانا چاہیے۔
 
مسٹر گہلوت نے ہفتہ کو ایک بیان میں یہ اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے 34 اضلاع میں کسان بحران میں ہیں اور قریب 23 لاکھ ہیکٹر کھیتوں میں اب تک بوائی نہیں ہو سکی ہے۔ اب تو ایسا لگنے لگا ہے کہ ریاست خشک سالی کی زد میں نہ آ جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان داتا پر منڈلاتا یہ بحران براہ راست طور پر آنے والے دنوں میں عوام کے لیے مہنگائی کی بڑی وجہ بنے گا۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ بحران کی اس گھڑی میں متاثرہ اضلاع کے لیے خصوصی کارروائی کا منصوبہ بنایا جائے، کسانوں کو متبادل بیجوں کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور بجلی و پانی کی ہموار فراہمی کی جائے، تاکہ پری مانسون میں ہی بوائی کر چکے کسان اپنی بچی ہوئی فصل کو محفوظ کر سکیں۔