Jadid Khabar

برکس ممالک کو مستقبل کے موافق نقل و حمل کے نظام کے لیے مل کر کرنا ہوگا کام: نتن گڈکری

Thumb

نئی دہلی، 11 جولائی (یو این آئی) سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری نے برکس گروپ میں پائیدار، محفوظ، جامع اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق ٹرانسپورٹ کا نظام تیار کرنے کے لیے باہمی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تمام ممالک سے مل کر کام کرنے کی اپیل کی ہے۔
 
مسٹر گڈکری نے ناگپور میں برکس ممالک کے وزرائے ٹرانسپورٹ کی تیسری میٹنگ کا افتتاح کرتے ہوئے ہفتہ کو کہا کہ میٹنگ میں غور و خوض کے لیے ٹرانسپورٹ کے نظام کا جو ایجنڈا تیار کیا گیا ہے، وہ اہم ہے کیونکہ بدلتی ہوئی معیشتوں کے لیے ٹرانسپورٹ مستقبل کا سب سے بڑا چیلنج ہے اور اس چیلنج پر گروپ کے تمام ممالک کا مل کر توجہ دینا لازمی ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھرتی ہوئی معیشتوں کے درمیان ٹرانسپورٹ کے شعبے میں تعاون کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ برکس ممالک میں معیشتیں تیزی سے بدل رہی ہیں اور بدلتی ہوئی معیشتوں کے درمیان اس گروپ میں جدت طرازی ، شراکت داری اور مشترکہ ذمہ داری کے ذریعے پورے عالمی ٹرانسپورٹ نظام کی سمت طے کرنے کی صلاحیت ہے۔
 
ناگپور میں ہندستان کی صدارت میں منعقدہ تیسری برکس وزرائے ٹرانسپورٹ کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے مسٹر گڈکری نے کہا کہ ہندستان کی برکس صدارت کا موضوع 'بلڈنگ فار ریزیلیئنس، انوویشن، کوآپریشن اینڈ سسٹینبلٹی' ہے، جو 'وسودھیو کٹمبکم' کے جذبے اور 'انسانیت اول' کے نقطہ نظر سے متاثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی تقریباً آدھی آبادی کی نمائندگی کرنے والے برکس ممالک صاف ستھرا، محفوظ، اسمارٹ اور کارآمد ٹرانسپورٹ سسٹم تیار کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان نے دنیا کا دوسرا سب سے بڑا سڑک نیٹ ورک تیار کیا ہے اور ایکسیس کنٹرولڈ ایکسپریس ویز اور ملٹی ماڈل رابطوں کی تیزی سے توسیع کی ہے۔ دہلی-دہرادون اقتصادی راہداری ، سونمرگ سرنگ اور 10 ہزار کلومیٹر سے زیادہ گرین فیلڈ ایکسپریس ویز جیسے پروجیکٹ جدید ترین انفراسٹرکچر، ماحولیاتی تحفظ اور تکنیکی جدت طرازی کے تئیں ہندستان کے عزم کی مثال ہیں۔ ریلوے، سمندری اور ہوا بازی کے شعبوں میں بھی بڑے پیمانے پر جدید کاری ہوئی ہے۔ انہوں نے براڈ گیج نیٹ ورک کی تقریباً مکمل برقی کاری ، وندے بھارت ٹرینوں کی توسیع، ممبئی-احمد آباد ہائی اسپیڈ ریل پروجیکٹ، میری ٹائم امرت کال وژن-2047، گرین شپنگ پہل اور پی ایم گتی شکتی نیشنل ماسٹر پلان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے ملٹی ماڈل رابطے اور لاجسٹکس کی صلاحیت کو مضبوطی ملی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ سڑک کی حفاظت اور ماحولیاتی پائیداری ہندستان کی ٹرانسپورٹ پالیسی کے اہم ستون ہیں۔ انہوں نے سڑک حادثات کے متاثرین کے کیش لیس علاج کے لیے پی ایم راحت یوجنا اور سڑکوں کی تعمیر میں پلاسٹک کے کچرے، فلائی ایش، اسٹیل سلیگ، بانس اور ناکارہ ٹائروں جیسے ری سائیکل شدہ وسائل کے استعمال کو ماحول دوست انفراسٹرکچر کی سمت میں ایک اہم قدم بتایا۔ مسٹر گڈکری نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی مالی اعانت، ٹریفک جام، آلودگی، سڑک کی حفاظت اور آخری سرے تک رابطے  جیسے مشترکہ چیلنجوں کے حل کے لیے برکس ممالک کے درمیان معلومات کا تبادلہ، صلاحیت سازی، تکنیکی تعاون اور گرین ہائیڈروجن، الیکٹرک موبلٹی، متبادل ایندھن اور ڈیجیٹل ٹرانسپورٹ سسٹمز پر مشترکہ تحقیق کو فروغ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ میٹنگ کی بات چیت سے برکس ممالک کے درمیان ٹرانسپورٹ تعاون مزید مضبوط ہوگا۔