Jadid Khabar

مانسونی بارش سے تریپورہ میں سیلاب، سیکڑوں خاندان بے گھر

Thumb

اگرتلہ، 9 جولائی (یو این آئی) تریپورہ میں گزشتہ دو دنوں سے جاری مسلسل بارش کی وجہ سے تمام آٹھ اضلاع متاثر ہوئے ہیں اور کئی مقامات پر بڑے پیمانے پر سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور پانی جمع ہونے  کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ بارش کی وجہ سے مقامی باشندوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران تریپورہ میں معتدل سے لے کر شدید بارش کی پیشگوئی کی ہے اور کئی اضلاع کے لیے 'اورنج الرٹ' یعنی چوکنا رہنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ ریاست میں کئی ندیوں میں طغیانی جیسی صورت حال ہے، گاؤں زیر آب  ہو رہے ہیں اور کئی مقامات پر سڑکوں کے رابطے ٹوٹ گئے ہیں۔ 
انتظامیہ نے بچاؤ اور امدادی کاموں کو تیز کر دیا ہے۔ سرکاری رپورٹوں کے مطابق ریاست بھر میں تقریباً 300 گھروں کو نقصان پہنچا ہے، اور 3,100 سے زیادہ لوگوں کو 31 امدادی کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ تاہم، جیسے جیسے سیلاب کا پانی نئے علاقوں میں پھیل رہا ہے، فی الحال مختلف علاقوں میں تقریباً 29 امدادی کیمپ بے گھر ہونے والے خاندانوں کو پناہ فراہم کر رہے ہیں۔
شدید مانسونی بارشوں کے نتیجے میں دھلائی، کھوائی، اناکوٹی اور شمالی تریپورہ میں سیلابی صورتحال سنگین ہو گئی ہے۔ منو، دیو، کھوائی اور جوری ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں اور بندھ توڑنے کے بعد کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہیں۔ ضلع دھلائی کے لونگ تھرائی گھاٹی سب ڈویژن میں 267 گھروں کے متاثر ہونے کی اطلاع ہے، جس میں 43 گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں، 67 کو بڑا نقصان پہنچا ہے اور 157 جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ امباسا سب ڈویژن میں 11 گھروں کے تباہ ہونے کی اطلاع ملی ہے، جبکہ گنڈاچھیرا میں بھی بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
جاری۔ یو این آئی۔ م ع