Jadid Khabar

دہلی-این سی آر میں بارش سے موسم ہوا خوشگوار

Thumb

دہلی میں مانسون نے دستک دے دی ہے۔ منگل کو دوپہر میں بارش سے موسم پوری طرح بدل گیا اور لوگوں کو شدید گرمی سے راحت ملی۔ راجدھانی میں پیر کو بھی اصل درجہ حرارت کے مقابلے زیادہ گرمی محسوس ہوئی تھی۔ دہلی میں محکمہ موسمیات نے آج کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے دہلی-این سی آر، ہریانہ اور اترپردیش کے کئی حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا۔ اس پیش گوئی کے مطابق دہلی کے ساتھ ساتھ این سی آر کے لونی دیہات، ہنڈن اے ایف اسٹیشن، غازی آباد، اندراپورم، چھپرولا، نوئیڈا، دادری، گریٹر نوئیڈا، فریدآباد اور ولبھ گڑھ جیسے علاقوں میں شدید بارش کی امید تھی۔

منگل کی دوپہر ہوئی جھماجھم بارش سے نوئیڈا میں لوگوں کو حبس اور گرمی سے راحت ملی۔ صبح جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا تھا، جبکہ بارش کے بعد درجہ حرارت تقریباً 34 ڈگری سیلسیس رہ گیا اور کئی علاقوں میں لوگوں نے راحت کی سانس لی۔ نوئیڈا کے سیکٹر 50، 16، 15، 18، 62، 74 اور 75 سمیت کئی علاقوں میں تیز بارش ہوئی۔ کچھ علاقوں میں آبی جماؤ کے سبب گاڑیوں کی رفتار سست پڑ گئی۔ حالانکہ بارش کی وجہ سے گرم ہواؤں او حبس سے کافی راحت ملی۔ کئی لوگ گھروں اور دفتروں سے نکل کر موسم کا مزہ لیتے ہوئے نظر آئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ کچھ دنوں تک بادلوں کے آنے جانے کا سلسلہ جاری رہے گا اور وقفے وقفے سے بارش ہونے کا امکان ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے نیچے بنا رہ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 7 سے 12 جولائی کے درمیان آسمان میں بادل چھائے رہیں گے اور کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کی امید ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی مانسون 7 جولائی کو شمالی بحیرہ عرب کے مزید کچھ حصوں، گجرات کے باقی علاقوں اور راجستھان اور ہریانہ کے کچھ اور خطوں میں آگے بڑھ گیا ہے۔ مانسون کے تیزی سے آگے بڑھنے کی وجہ سے راجستھان، ہریانہ، پنجاب اور دہلی-این سی آر سمیت شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں اچھی بارش ہونے کی امید ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 2 سے 3 دنوں میں مانسون شمالی بحیرہ عرب کے بقیہ حصوں، راجستھان، ہریانہ اور پنجاب میں مزید آگے بڑھے گا۔ اس کے بعد پورے ملک میں مانسون فعال ہو جائے گا۔