منی پور میں تشدد روکنے کے لیے مودی حکومت اقدامات کرے: راہل
نئی دہلی، 02 جولائی (یو این آئی) کانگریس کے سینئر لیڈر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے منی پور میں جاری تشدد کے تعلق سے مرکزی حکومت پر تندوتیز حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست برسوں سے تشدد اور نفرت کی آگ میں جل رہی ہے لیکن وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت اس بحران کے حل کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھا رہی ہے۔
مسٹر گاندھی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ منی پور برسوں سے جل رہا ہے اور ایک بار پھر نفرت اور تشدد کی آگ میں 20 گھر جل کر راکھ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو حکومتوں اور صدر راج کے باوجود ریاست میں تصادم لگاتار گہرا ہوتا جا رہا ہے۔ ہزاروں لوگ اپنی جانیں گنوا چکے ہیں اوربہت سے اجڑ چکے ہیں۔ منی پور جس ناقابل برداشت تکلیف سے گزر رہا ہے اس کا تصور کرنا بھی مشکل ہے۔
مسٹر گاندھی نے الزام لگایا کہ اس صورتحال کے لیے مرکزی حکومت کا تفرقہ انگیز نظریہ ذمہ دار ہے اور مودی کی قیادت والی حکومت لوگوں کو مذہب، ذات، زبان، خطہ اور شناخت کی بنیاد پر بانٹتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج صرف منی پور ہی نہیں بلکہ پورا ملک مسٹر مودی سے ہمدردی کے دو لفظوں کی بھی امید چھوڑ چکا ہے، کارروائی کی بات تو دور کی ہے۔ انہوں نے کہا "منی پور اس سے بہتر کا حقدار ہے اور اس کے لیے 'بھارت جوڑنا' ہی واحد راستہ ہے۔"
یو این آئی ایف اے