غلطی سے پاکستان کی فضائی حدود میں گھسا ایئر انڈیا کا طیارہ
نئی دہلی، 24 جون (یو این آئی) ٹاٹا گروپ کی ہوا بازی کمپنی ایئر انڈیا کا ایک طیارہ منگل کی رات غلطی سے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہو گیا، تاہم اس کا احساس ہوتے ہی وہ فوری طور پر واپس ہندوستانی سرحد میں لوٹ آیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پرواز نمبر اے آئی-479 دہلی سے امرتسر پہنچی تھی۔ اس وقت امرتسر ہوائی اڈے پر کافی ٹریفک تھا، اس لیے اترنے کا انتظار کر رہی تمام پروازوں سے 'ہولڈ کرنے' کے لیے کہا گیا تھا۔ ایسی صورتحال میں طیارے آس پاس کے علاقے میں ہی چکر لگاتے ہیں۔ اسی دوران ایئر انڈیا کی یہ پرواز کچھ دیر کے لیے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہو گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عملے کے ارکان کو اس کا احساس ہوتے ہی انہوں نے طیارے کو واپس ہندوستانی سرحد کی طرف موڑ لیا۔ انہوں نے کہا کہ امرتسر ہوائی اڈہ پاکستانی سرحد کے کافی قریب ہے، اور کئی بار غلطی سے ایسا ہو جاتا ہے۔
واضح رہے کہ دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کی ایئرلائنز کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر رکھی ہیں۔ اس کے باوجود، خراب موسم یا اس طرح کی کسی ہنگامی صورتحال میں ہندوستان پاکستانی طیاروں کو اپنے فضائی علاقے میں داخل ہونے کی اجازت دیتا رہا ہے۔ اسی مہینے فلائی جناح ایئرلائنز اور مئی میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی ایک ایک پرواز کو ہندوستانی سرحد میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی تھی۔