این ٹی اے نے مسابقتی امتحانات کا بنا دیا ہے مذاق: کانگریس
نئی دہلی، 20 جون (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) ایک ماہ میں میڈیکل کے داخلہ امتحان کا دوسری بار انعقاد کر رہی ہے لیکن اس میں بھی گڑبڑ ہو رہی ہے، جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ این ٹی اے نے مسابقتی امتحانات کا مذاق بنا کر رکھ دیا ہے۔
کانگریس کے شعبہ مواصلات کے سربراہ پون کھیڑا نے ہفتہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ این ٹی اے کی وجہ سے ملک کے نوجوانوں کے خواب ٹوٹ رہے ہیں اورامتحان منعقد کرانےوالی اس ایجنسی نے ان کے دلوں میں خوف پیدا کر دیا ہے۔ این ٹی اے یا حکومت ہند سے اس ماحول میں کوئی امید نہیں کی جا سکتی۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اس بارے میں حکومت سے سوالات اٹھا رہے ہیں اور اس کی ناکامی کو سامنے لا رہے ہیں، لیکن حکومت اس پر اقدامات کرنے کے بجائے کانگریس رہنما راہل گاندھی کو ہی کٹہرے میں کھڑا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ امتحان کو شفاف بنانے کے لیے موک ڈرل کرانے سے متعلق ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ملک کے طلبہ کے تئیں غیر حساس ہے اور اس نے پورے امتحانی نظام کو ہی موک ڈرل بنا کر رکھ دیا ہے۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ میڈیکل میں داخلے کے لیے ہونے والا نیٹ یو جی امتحان اتوار کو ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تشویشناک بات یہ ہے کہ نیٹ امتحان ایک ماہ میں دوبارہ کرایا جا رہا ہے اور اس میں بھی گڑبڑیاں ہو رہی ہیں۔ ناگپور کے بچے کا امتحانی مرکز ابو ظہبی دیا جا رہا ہے۔ این ٹی اے نے امتحان کے انعقاد کا مذاق بنا دیا ہے۔