راؤت کے بیانات کا جواب دینا مناسب نہیں: رجیجو
نئی دہلی، 18 جون (یو این آئی) مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے شیو سینا (یو بی ٹی) میں جاری سیاسی ہلچل کے درمیان راجیہ سبھا کے رکن سنجے راؤت کے تبصروں کو معیار سے گرا ہوا قرار دیتے ہوئے ان پر ردعمل دینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ ان کے الزامات اور نازیبا کلمات کا جواب دینا مناسب نہیں ہوگا۔
مسٹر رجیجو نے جمعرات کو یہاں صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا، "پارلیمنٹ میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ سب دیکھ رہے ہیں۔ مجھے الگ سے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر ہم سنجے راؤت کے بیانات کا جواب دیں گے تو یہ اچھا نہیں لگے گا، کیونکہ ہر رکن پارلیمنٹ اپنے حلقے، اپنے مستقبل اور اپنے سیاسی حالات کے مطابق سوچتا اور کام کرتا ہے۔ ہر پارٹی کا اپنا کام کرنے کا طریقہ ہوتا ہے۔"
انہوں نے کہا، "میں یہ تبصرہ نہیں کر سکتا کہ شیو سینا کے کس رکن پارلیمنٹ کو کیا کرنا چاہیے۔ پارلیمنٹ میں لائے جانے والے بلوں پر ہم تمام ارکان پارلیمنٹ کا تعاون چاہتے ہیں، لیکن اگر سنجے راؤت کسی پر الزام لگاتے ہیں یا نازیبا کلمات کا استعمال کرتے ہیں تو ان کا جواب دینا مناسب نہیں ہوگا۔"
اس دوران شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما اور رکن پارلیمنٹ اروند ساونت نے کہا ہے کہ پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ میں غیر حاضر رہنے والے پارٹی کے چھ ارکان پارلیمنٹ کو شوکاز (وجہ بتاؤ) نوٹس جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پارٹی لوک سبھا اسپیکر کو خط بھی لکھے گی۔