Jadid Khabar

’ہم انسٹاگرام پر سب سے مشہور جوڑی ہیں‘، جی-7 سمٹ میں مودی سے ملاقات کے دوران میلونی کا مذاق ہو گیا وائرل

Thumb

 
فرانس کے ایوین شہر میں منعقد جی-7 سمٹ میں دنیا کے بڑے بڑے رہنما شامل ہوئے جہاں انہوں نے مختلف اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران کئی رہنماؤں کے الگ الگ انداز بھی نظر آئے جو سرخیاں بٹور رہے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی کی بات ہو رہی ہے۔ میلونی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان ایک بار پھر ہنسی مذاق ہوا جس کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔
جی-7 سمٹ میں گروپ فوٹو کھنچوانے کے لیے جب تمام رہنما ایک جگہ جمع ہوئے تو میلونی اور وزیر اعظم مودی ایک دوسرے کا گرمجوشی سے استقبال کرتے نظر آئے۔ یہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات بہت ہی مختصر تھی لیکن انداز پرانا تھا۔ میلونی نے وزیر اعظم مودی سے کہا کہ ’’آپ سے دوبارہ مل کر اچھا لگا۔‘‘ اس کے بعد انہوں نے چٹکی لیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’ہم انسٹاگرام پر سب سے مشہور جوڑی ہیں‘‘۔
اس ویڈیو کے ساتھ ’میلوڈی‘ کا ذکر بھی خوب چل رہا ہے۔ انٹرنیٹ پر ایک مزاحیہ چٹکلے کے طور پر شروع ہوا یہ نام اب سوشل میڈیا پر ایک سنسنی بن چکا ہے۔ وزیر اعظم مودی اور میلونی کے مرکب کو ملا کر بنا نام ’میلو-ڈی‘ گزشتہ 3 سالوں میں ایک جانا پہچانا آن لائن برانڈ بن گیا ہے۔ 2023 میں دبئی میں منعقد ’کوپ 28‘ چوٹی کانفرنس کے دوران میلونی کی جانب سے پوسٹ کی گئی ایک سیلفی عالمی سطح پر انٹرنیٹ ٹرینڈ بن گئی تھی۔ اٹلی کی وزیر اعظم نے وزیر اعظم مودی کے ساتھ ایک تصویر شیئر کر کے لکھا تھا کہ ’’کوپ 28 میں اچھے دوست #Melody‘‘ یہ ہیش ٹیگ کچھ ہی دیر میں وائرل ہوگیا۔
دنیا بھر میں سرخیاں بٹورنے والے میلوڈی ہیش ٹیگ کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے روم کے دورے کے دوران میلونی کو ’میلوڈی‘ ٹافی کا ایک پیکٹ تحفے میں دیا تھا۔ اس تحفے کو لے کر وزیر اعظم میلونی نے انسٹا گرام پر ویڈیو شیئر کی تھی۔ اس میں میلونی نے کہا کہ ’’وزیراغطم مودی ہمارے لئے ایک گفٹ  لائے پیں، بہت ہی ذائقہ دار ٹافی‘، یہ سن کر دونوں رہنما ہنس پڑے۔ اس ویڈیو نے انٹر نیٹ پر دیکھتے ہی دیکھتے دھوم مچا دی اور آن لائن پوسٹ ہونے کے 6 گھنٹے کے اندر ہی اسے 100 ملین سے زیادہ بار دیکھا گیا۔ فی الحال اسے 13 ملین سے زائد ’لائک‘ مل چکے ہیں۔