'جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے لیے شاہ چلا رہے ہیں دھوکہ دہی پرمبنی مہم ': رمیش
نئی دہلی، 17 جون (یو این آئی) کانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر اپوزیشن کو نشانہ بنانے اور ہندوستانی جمہوریت کو کمزور کرنے کا الزام لگایا ہے۔
مسٹر رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' کے ذریعے بدھ کو کہا، "وزیر داخلہ امت شاہ 17 اپریل 2026 کو لوک سبھا میں حد بندی بلوں کو پاس نہیں کرا پانے کے بعد اپنی "بے عزتی" کی تلافی کرنے کے لیے لگاتار اپوزیشن پر حملے کر رہے ہیں۔" مسٹر رمیش نے الزام لگایا کہ وزیر داخلہ کی طرف سے دیئے جانے والے لالچ کے باعث ایسے کئی لیڈر بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں، جو محض دو سال پہلے مضبوط بی جے پی مخالف ایجنڈے پر منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان لیڈروں کو دیے جا رہے لالچ "حیران کن" ہیں۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ وزیر داخلہ ایک " تنگ ذہنی اور دھوکہ دہی پرمبنی مہم" چلا رہے ہیں، جو مختلف وسائل سے لیس ہیں اور مبینہ طور پر الگ الگ افراد کی ضروریات کے مطابق منصوبے بنارہے ہیں اورلالچ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس مہم میں اخلاقیات کی تمام حدیں پار کی جا رہی ہیں لیکن بالاخر یہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوگی۔