Jadid Khabar

فلپائن میں ایک گھنٹے کے اندر 3 بار ڈولی زمین، ریکٹر اسکیل پر 7.7 شدت کا زلزلہ درج، 5 افراد ہلاک

Thumb

 
فلپائن میں آج صبح 8 جون کو ایک طاقتور زلزلہ آیا۔ ایک گھنٹے میں تین بار زمین ہلی۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی۔ اس زلزلے نے فلپائن کے جزیرے منڈاناؤ کو مارا، جس سے فلپائن اور انڈونیشیا کے کچھ حصوں کے لیے سونامی کا ایلرٹ جاری کر دیا گیا۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق زلزلہ کی وجہ سے مختلف مقامات پر کم از کم 5 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ کئی دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اموات کی تعداد میں گزرتے وقت کے ساتھ اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق فلپائن میں ایک گھنٹے کے اندر تین جھٹکے محسوس کیے گئے۔ پہلا زلزلہ صبح 5:07 پر آیا اور اس کی شدت 7.7 تھی۔ دوسرا جھٹکا صبح 5:18 پر آیا اور ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 6.4 تھی۔ تیسرا زلزلہ شام 6:25 پر آیا، جس کی شدت 6.6 تھی۔
الجزیرہ کے مطابق فلپائن کے قریب آنے والے شدید زلزلے کے بعد جاپان نے اپنے بحرالکاہل کے ساحلی علاقوں کے لیے سونامی کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کا اندازہ ہے کہ ایک میٹر تک اونچی لہریں جاپان کے کچھ علاقوں تک پہنچ سکتی ہیں۔
زلزلے کے بعد امریکی سونامی وارننگ سینٹر نے سونامی کی وارننگ جاری کرتے ہوئے سونامی کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔ ایجنسی کے مطابق خطرناک لہریں ساحلی جزائر کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ اس کے بعد انڈونیشیا کی جیو فزیکل ایجنسی نے بھی ملک کے شمال مشرقی ساحلی علاقوں کے لیے سونامی کی وارننگ جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں سے ہوشیار رہنے اور ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔
وارننگ میں کہا گیا ہے کہ طاقتور زلزلہ اہم نقصان پہنچا سکتا ہے اور آنے والے گھنٹوں اور دنوں میں شدید آفٹر شاکس آ سکتے ہیں۔ گزشتہ اتوار کو ہندوستان سمیت کئی ممالک میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ہندوستان، نیپال، چین اور بھوٹان میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.3 تھی۔ اس زلزلے کا مرکز بھوٹان تھا۔