Jadid Khabar

لاؤس کے نائب وزیر اعظم نے اپنی اہلیہ کے ساتھ تاج محل کا کیا دیدار

Thumb

لاؤس کے نائب وزیر اعظم تھونگساون فومویہانے اور ان کی اہلیہ وادسنا فومویہانے نے منگل (2 جون) کو اتر پردیش کے آگرہ میں واقع تاریخی یادگار تاج محل کا دیدار کیا۔ فومویہانے پیر کو 3 روزہ سرکارری دورے پر نئی دہلی پہنچے تھے۔ وہ بدھ کو وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے ساتھ ہندوستان-لاؤس مشترکہ کمیشن کی 10 ویں میٹنگ کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ان کا استقبال کرتے ہوئے لکھا کہ ’’لاؤ پی ڈی آر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ تھونگساون فومویہانے کو ہندوستان کے پہلے دورے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ وہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے ساتھ ہندوستان-لاؤس مشترکہ کمیشن کے دسویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور لاؤس اپنے سفارتی تعلقات کے 70 سال پورے کر رہے ہیں اور یہ سفر دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے قائم شراکت داری کو مزید فروغ دے گا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط کرے گا۔
فومویہانے بدھ کو ہندوستان-لاؤس بزنس فورم میں حصہ لیں گے اور اس کے بعد وہ راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میں وزیر اعظم نریندر مودی نے چین کے تیانجن شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس کے دوران لاؤس کے صدر تھونگلون سسولیتھ سے ملاقات کی تھی اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا تھا۔ اس ملاقات کے بعد وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا تھا کہ ’’صدر سسولیتھ سے مل کر خوشی ہوئی۔ دونوں ممالک کے درمیان کا گہرا رشتہ ہمارے لیے فائدہ مند ہے، یہ تعلقات تجارت سے لے کر ثقافت تک میں نظر آتے ہیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور لاؤس کے درمیان بدھ مذہب اور رامائن (رامکین) جیسی ثقافتی میراث کے ذریعے تاریخی اور تہذیبی تعلقات رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات 1956 میں قائم ہوئے تھے اور تب سے یہ شراکت داری دوستانہ اور باہمی طور پر فائدہ مند رہی ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق ادارہ جاتی مشاورتی طریقہ کار میں فارن آفس کنسلٹیشنز (ایف او سی) اور جوائنٹ کمیشن میٹنگ (جے سی ایم) شامل ہیں۔ تیسرا ایف او سی 2023 میں وینتیان میں منعقد ہوا تھا، اور اس سے قبل نویں جے سی ایم 2018 میں وینتیان میں ہی منعقد ہوا تھا۔