نئی دہلی، 22 مئی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے قبرص کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو مضبوط اور مستقبل کے وژن پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک نے انہیں نئی رفتار دینے کے لیے اپنے تعلقات کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ممالک نے عالمی چیلنجوں کے حل کے لیے بین الاقوامی اداروں میں اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔
مسٹر مودی نے ہندوستان کے تین روزہ دورے پر آئے قبرص کے صدر نیکوس کرسٹوڈولائڈز کے ساتھ جمعہ کو یہاں دو طرفہ بات چیت کے بعد مشترکہ پریس بیان میں یہ بات کہی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی میں، قبرص سے ہندوستان میں سرمایہ کاری بڑھ کر تقریباً دوگنی ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد بڑھنے اور ہندوستان-یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) سے کئی نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے، "ہم اگلے پانچ سالوں میں اس سرمایہ کاری کو پھر سے دوگنا کرنے کا ہدف رکھ رہے ہیں۔ اور اس عزم کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے، آج ہم اپنے قابلِ اعتماد تعلقات کو ایک اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی شکل دے رہے ہیں۔" مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستان اور قبرص کی دوستی مضبوط اور مستقبل کے وژن پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا، "جمہوریت اور قانون کی حکمرانی جیسی اقدار میں مشترکہ یقین، ہماری شراکت داری کی بنیاد ہیں۔ ہم تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتے ہیں۔ ہندوستان ان اصولوں کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور آگے بھی رہے گا۔"
وزیر اعظم نے کہا کہ ہند- قبرص، یوکرین اور مغربی ایشیا میں جاری تنازعات کے جلد خاتمے کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، "آج ہم نے عالمی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ یوکرین ہو یا مغربِی ایشیا، ہم تنازع کے جلد خاتمے اور امن کی کوششوں کی حمایت کرتے رہیں گے۔ ہم اس بات پر بھی متفق ہیں کہ بڑھتے ہوئے عالمی چیلنجوں کے حل کے لیے بین الاقوامی اداروں میں اصلاحات انتہائی اہم ہیں۔"