نئی دہلی، 19 مئی (یو این آئی) قومی راجدھانی دہلی میں منگل سے پٹرول 87 پیسے اور ڈیژل 91 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو گیا۔
تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں نے پانچ دن میں دوسری بار دونوں ایندھنوں کے دام بڑھائے ہیں۔ اس سے پہلے، 15 مئی کو پٹرول اور ڈیژل کی قیمت میں تین تین روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ ہندوستان کی سب سے بڑی تیل کی مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن سے حاصل معلومات کے مطابق، دہلی میں آج سے پٹرول کی قیمت 87 پیسے بڑھ کر 98.64 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ ڈیژل بھی 91 پیسے مہنگا ہوا۔ اب ایک لیٹر ڈیژل 91.58 روپے کا ملے گا۔
ہندوستان کی اقتصادی راجدھانی ممبئی میں پٹرول کی قیمت 91 پیسے اور ڈیژل کی 94 پیسے بڑھی ہے۔ وہاں اب پٹرول 107.59 روپے کا اور ڈیژل 94.08 روپے کا ہو گیا ہے۔ چنئی میں پٹرول 82 پیسے اور ڈیژل 96 پیسے مہنگا ہوا ہے۔ آج سے ایک لیٹر پٹرول 104.49 روپے کا اور ایک لیٹر ڈیژل 96.11 روپے کا ملے گا۔ کولکاتہ میں اب پٹرول کی قیمت 109.70 روپے اور ڈیژل کی 96.07 روپے پر پہنچ گئی ہے۔ ان کے دام بالترتیب 96 پیسے اور 94 پیسے بڑھے ہیں۔ انڈین آئل نے اپنے پریمیم پٹرول اور ڈیژل کی قیمتوں میں بھی اتنا ہی اضافہ کیا ہے۔ دہلی میں برانڈڈ پٹرول ایکس پی95 کی قیمت 87 پیسے بڑھ کر 105.76 روپے اور برانڈڈ ڈیژل ایکس جی کی قیمت 91 پیسے بڑھ کر 96.90 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
دوسرے شہروں میں بھی قیمتوں میں تقریباً اسی طرح کا اضافہ کیا گیا ہے، حالانکہ ویٹ اور لاجسٹکس لاگت میں فرق کے سبب قیمتوں کے اضافے میں کچھ فرق ہوتا ہے۔ پٹرول اور ڈیژل کے دام 30 اکتوبر 2024 کے بعد پہلی بار گزشتہ ہفتے بڑھائے گئے تھے۔ مغربی ایشیا بحران کے سبب خام تیل کی پیداوار اور سپلائی متاثر ہونے سے تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں پر دباؤ ہے۔ حالانکہ انہوں نے مارچ اور اپریل میں قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا تھا۔ مرکز کی حکومت نے مارچ میں پٹرول اور ڈیژل پر ایکسائز ڈیوٹی میں 10-10 روپے فی لیٹر کی کٹوتی کر کے تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں کو راحت دی تھی۔
ہندوستانی باسکٹ میں اپریل میں خام تیل کی اوسط قیمت 114.48 ڈالر فی بیرل رہی تھی جو مئی میں گھٹ کر 18 مئی تک اوسطاً 107.3 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے۔