Jadid Khabar

اسرائیلی فوج کے لبنان پر حملے، 31 افراد شہید

Thumb

بیروت، 9 مئی (یو این آئی) اسرائیلی فوج کے لبنان پر جاری حملوں کے نتیجے میں ایک ریسکیو اہلکار سمیت 31 افراد شہید ہوگئے ۔ 
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی حملوں میں جنوبی لبنان میں کم از کم 31 افراد شہید ہو گئے جن میں ایک ریسکیو اہلکار بھی شامل ہے۔ رپورٹس کے مطابق اسرائیلی افواج اور حزب اللہ کے درمیان 2 مارچ کو دوبارہ جھڑپیں شروع ہو نے کے بعد یہ سب سے خونریز دنوں میں سے ایک دن قرار دیا جا رہا ہے ۔ 
ضلع صور کے علاقے طورا میں ہو نے والے دو فضائی حملوں میں 5 افراد شہید ہوئے جبکہ ملبے تلے دبی ایک بچی کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے ۔ 
اس کے علاوہ اسرائیلی ڈرون حملے میں سڑک پر ایک گاڑی کو نشا نہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں سول ڈیفنس کا ایک اہلکار شہید ہوگیا ۔ مختلف دیہات پر اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید 5 افراد جام شہادت نوش کرگئے، جبکہ ایک اورحملے میں 4 افراد شہید ہوئے ۔ لبنان اور اسرائیل کے درمیان 17 اپریل کو جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا، جس میں بعد ازاں 17 مئی تک توسیع کی گئی، تاہم اس کے باوجود اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں روزا نہ کی بنیاد پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے ۔